• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیتابھ بچن کے عمران خان کے بارے میں خیالات 


بھارت کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے 27 سال قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی دعوت پر لندن میں ایک تقریب میں شرکت کی تھی۔ 

3 دسمبر 1992 کو انٹر کانٹیننٹل ہوٹل لندن میں شوکت خانم اسپتال کی چندہ مہم کے ایک پروگرام میں امیتابھ بچن ، نصرت فتح علی خان، مِک جیگر، جیری ہال، خالد شفیع سمیت دیگر معروف شخصیات نےعمران خان کی دعوت پر تقریب میں شرکت کی تھی۔

تقریب میں پہلے عمران خان نے شوکت خانم اسپتال بنانےکا خواب اور اس کی تعمیل تقریب کے شرکاء کو تفصیل سے بتائی۔

اس کے بعد امیتابھ بچن کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی گئی ۔ شرکاء نے لیجنڈ اداکار کابھرپور تالیاں بجا کر استقبال کیا۔

تقریب میں اپنی تقریر کا آغاز انہوں نے انگریز شرکاء کے لیے ہیلو ، مسلمانوں کو السلام علیکم اور ہندو حاضرین کو نمشکار کہہ کر کیا۔

امیتابھ بچن نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔

انہوں نے اسپتالوں کی اہمیت اور اُن میں موجود جدید ٹیکنالوجی کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اپنے حالیہ حادثے کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ دعاؤں کے ساتھ ساتھ لندن میں ڈاکٹرز نے کس طرح ان کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے عمران خان سے کہا کہ اس اسپتال کی بنیاد رکھنے میں اور مستقبل میں اگر انہیں میری کبھی بھی ضرورت پڑے تو وہ حاضر ہوں گے ۔

انہوں نے شوکت خانم کے لیے عمران خان کی کاوشوں کو بھی سراہا اور تقریب کے تمام شرکاء کی بھی اس نیک عمل میں شرکت کرنے پر تعریف کی۔

تازہ ترین