پاکستان نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی دور کرنے کی کوششیں تیز کردیں، وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب سے پہلے ایران جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر ایران جائیں گے، جہاں وہ ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم نے دورے سے قبل ایران کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پیغام پہنچادیا ہے، جس کا تہران نے خیر مقدم کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سعودی عرب سے مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کے پاس ایک دوسرے سے بات چیت کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
جواد ظریف نے یہ بھی کہا کہ ہم پڑوسی ملک سعودی عرب سے ثالثی یا براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ایران نے ثالث کو کبھی انکار نہیں کیا ہے، بات چیت کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان منگل کو پاکستان سے سعودی عرب جائیں گے۔
وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران ہی عمران خان کے سعودی عرب کے دورے کی اطلاعات آنا شروع ہوگئی تھیں۔
اطلاعات تھیں کہ عمران خان چین سے واپسی پر پہلے سعودی عرب جائیں گے اور ایران کے مختصر دورے کے بعد وطن لوٹیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایران، سعودی عرب کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنے دورے میں تبدیلیاں کی ہیں، اسی تناظر میں وہ پہلے ایران جارہے ہیں۔