ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کسی بھی مس ایڈونچر کی صورت میں بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں ۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 140ویں لانگ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی ، سربراہ پاک فضائیہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں ایوارڈز تقسیم کیے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاس آوٹ ہونے والوں میں سعودی عرب، فلسطین، بحرین اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے، انھوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو ایوارڈ دیے ۔
خصوصی اعزازی شمشیر بٹالین سینئر انڈر آفیسر عثمان شاہد کو دی گئی۔ صدارتی گولڈ میڈل کمپنی سینئر انڈر آفیسر قاسم ایوب کو دیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل فلسطین کے انڈر آفیسر البازور کو دیا گیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کیڈٹس اور اُن کے والدین کو مبارک باد دی، تقریب سے خطاب میں ایئر چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو دہشت گردی کےخلاف جنگ میں اپنی قربانیوں پر فخر ہے۔ پاکستان کی تجربہ کار مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔