راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کچی آبادی بھوسہ گودام نزد ریلوے واشنگ لائن پر میونسپل کارپوریشن راولپنڈی اور پاکستان ریلوے کے درمیان تنازع کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ عدالتی فیصلوں کے باجود ریلوے اپنے دعوے پر قائم ہے جبکہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے دستاویزی ثبوت لانے کیلئے پاکستان ریلوے کو 2ہفتوں کی مہلت دیدی ہے۔ ناکامی کی صورت میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے مکینوں کو پراپرٹی رائٹس دیدیئے جائینگے۔ فیصلہ کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ 90کنال کچی آبادی میں سے 36کنال پر پاکستان ریلوے کا دعویٰ ہے۔ 23مارچ 1985ء کے کچی آبادی قانون کے تحت 2013ء میں راولپنڈی میں چار کچی آبادی کے مکینوں کو پراپرٹی رائٹس دیئے گئے تھے۔ بھوسہ گودام کے مکینوں کے حق میں 2001ء میں فیصلہ ہو چکا ہے لیکن ریلوے اپنے دعوے سے دستبردار ہونے کو تیارنہیں۔