• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نئی نوکریوں کی بجائے لنگر خانے کھول رہی ہے،اسحٰق ڈار

لندن (مرتضیٰ علی شاہ، سعید نیازی) پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں کمزور حکومت ہونے کے سبب بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی ہمت ہوئی ہے، اگر آج نوازشریف کی حکومت ہوتی تو وہ اس اقدام کا سوچتا بھی نہ۔ حکومت نئی نوکریوں کی بجائے لنگر خانے کھول رہی ہے گزشتہ روز وسطی لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نےکہا کہ 2013سے قبل ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی، روزانہ 18سے 20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، گیس بھی نایاب ہو رہی تھی،معیشت بھی خراب تھی، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے دن رات محنت کر کے ملک کو بری صورت حال سے نکالا لیکن افسوس ہے کہ اس نوازشریف کو آج نیب عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے، حالانکہ ان پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے صرف چار سال میں ملک میں گروتھ کو 5.8 فیصد تک پہنچا دیا تھا، اب ملک کی گروتھ صرف 3.3 فیصد رہ گئی اور آئندہ برس کیلئے اس کی پیشگوئی 2.2 سے 2.7فیصد ہے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت معیشت پر توجہ دینے کی بجائے اپوزیشن رہنمائوں کو نشانہ بنا رہی ہے لیکن اس طرح کب تک چلے گا، وزیراعظم قرضوں پر قرضے لے کر ملک کو مقروض کررہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر ٹیکس ریٹرن نہ جمع کرانے کے بے سروپا الزامات لگائے گئے، حالانکہ میرے پاس گزشتہ 35 برس کا ریکارڈ موجود ہے، میری تنخواہ بھی ایک یتیم خانے کو جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب بیرون ملک جا کر ملک میں کرپشن کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں، حالانکہ ان کے دور اقتدار میں ملک میں کرپشن مزید بڑھ گئی ہے۔
تازہ ترین