• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت :زندہ دفن کی گئی نومولود بچی کو بچالیا گیا

بھارت میں نومولود بچی کو زندہ دفن کرنے کا ایک انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، تاہم ڈاکٹرز کی کوششوں سے اسے بچالیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست اُترپردیش کے ضلع رائے بریلی کے ایک گاؤں میں ایک کچی قبر سے نومولود زندہ بچی برآمد ہوئی۔

مقامی پولیس کے مطابق ایک شخص اپنی نومولود بیٹی(جو کہ پیدائش کے فوراً بعد انتقال کرگئی تھی) کے لیے قبر کھود رہا تھا کہ 3 فٹ کی گہرائی پر اس کا بیلچہ ایک مٹی کے برتن سے ٹکرایا۔

اس شخص نے جب برتن کو ہٹاناچاہا تو اس میں ایک نومولود بچی موجود تھی، جس کی سانسیں بھی بحال تھیں جبکہ بچی کو کپڑے میں لپیٹا گیا تھا۔

واقعے کے فوری بعد بچی کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ ابھی زیرعلاج ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی کی پیدائش وقت سے پہلے ہوئی تھی اور اسے دو دن پہلے دفن کیا گیا تھا۔ بچی کا وزن ایک کلو سے تھوڑا زیادہ ہے اور اسے طبی امداد دی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہیں اور بچی کے والدین کو ڈھونڈا جارہا ہے۔ پولیس کو یہ بھی خدشہ ہے کہ بچی کو والدین کی رضامندی سے دفن کیا گیا تھا۔

بچی کو نکالنے والے شخص کا کہنا ہے کہ بچی کے رونے کی آواز سن کر وہ بہت حیران ہوئے اور میں سمجھا کہ شاید میری بیٹی اب تک زندہ ہے۔ مگر آواز مسلسل مٹی کے اس برتن سے آرہی تھی جو کہ قبر سے برآمد ہوا تھا۔

بچی کے علاج کے لیے ایک مقامی سیاستدان نے اسپتال انتظامیہ کو پیسے دیئے ہیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی کو آکسیجن کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

ڈاکٹرز بچی کو ہر دو گھنٹے بعد دودھ پلا رہے ہیں اور اسے مسلسل ٹریٹمنٹ دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت صنفی تناسب کے لحاظ سے دنیا بھر میں سب سے خراب پوزیشن پر موجود ہے۔

بھارت میں لڑکیوں کو صنفی امتیاز کا سامنا رہتا ہے اور خاص طور پر کم آمدنی والے افراد میں بچیوں کی پرورش ایک بوجھ سمجھا جاتا ہے۔

لڑکوں کی خواہش رکھنے کی وجہ سے والدین بڑی تعداد میں غیر قانونی اسقاط حمل بھی کروا دیتے ہیں۔

تازہ ترین