• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایپل کا 399 ڈالر کا سستا فون متعارف کروانے کا اعلان

معروف موبائل فون کمپنی ایپل اپنے صارفین کے لیے آئندہ برس نیا موبائل فون لانچ کرنے جارہی ہے، جس کے متعلق کہا جارہا ہے کہ اس کی قیمت متوسط طبقے کے صارفین کی پہنچ میں ہوگی۔

ایپل آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران آئی فون ایس ای 2 نامی یہ موبائل فون متعارف کروانے جارہی ہے۔

ایک معتبر تجزیہ کار منگ چی کو نے اپنی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس نئے فون کی قیمت 399 امریکی ڈالر (تقریباً 62 ہزار 500 پاکستانی روپے) ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ایپل نے رواں برس آئی فون 11 متعارف کروایا تھا جس کے مختلف ماڈلز کی قیمت تقریباً 1 لاکھ 9 ہزار روپے سے لے کر 2 لاکھ پاکستانی روپے (علاوہ ٹیکس) تھی۔

ایپل کو اپنے اس نئے فون کی قیمتوں کی وجہ سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایپل کا نیا آئی فون ایس ای مختلف فیچرز کا حامل ہے جو دیکھنے میں بالکل آئی فون 8 جیسا اور فیچرز آئی فون 11 جیسے ہیں۔

اس فون کا ڈسپلے 4.7 انچ ہے اور یہ اے 13 پراسیسنگ چپ سے مزین ہے جو ایک تیز ترین پراسیسنگ چپ ہے۔

تجزیہ کار کا یہ بھی ماننا ہے کہ یہ فون آئی فون 6 اور آئی فون 6 ایس کا اپ گریڈ ورژن ہے۔

منگ چی کو کو یقین ہے کہ ایپل نے اپنے سپلائرز کو یہ ہدایت دی تھی کہ وہ ماہانہ 20 سے 40 لاکھ آئی فون ایس ای 2 بنائیں جبکہ کمپنی 2020 کے دوران اس ماڈل کے 3 کروڑ موبائل فروخت کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ آئی فون کی جانب سے ایس ای سیریز کا پہلا فون 2016 میں متعارف کروایا گیا تھا جس کی فروخت 2017 میں بند کردی گئی تھی۔

تاہم اب آئی فون ایس ای 2 کے ساتھ اس کی اسٹوریج صلاحیت کو دگنا کردیا گیا ہے۔

یہ نیا آئی فون ایس ای 2 ان صارفین کے لیے ایک متبادل تصور کیا جارہا ہے جو آئی فون 6 اور 6 ایس استعمال کر رہے ہیں کیونکہ ایپل نے ان فونز کو آپریٹنگ سسٹم (آئی او ایس) 13 تک اپ گریڈ کرنے کا آپشن نہیں رکھا تھا جو ایک جدید آپریٹنگ سسٹم ہے۔ 

تازہ ترین