• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریڈار کی صلاحیت سے لیس اشارے سمجھنے والے گوگل فون کی نمائش

معروف ٹیکنیکل کمپنی گوگل نے اب ٹچ نہیں بلکہ اشارے سے چلنے والا فون متعارف کروادیا جو آئندہ برس فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گوگل نے اپنا فلیگ شپ فون پیکسل 4 متعارف کروایا ہے جو ریڈار کی صلاحیت سے لیس ہے جسے صرف ہاتھ کے اشارے سے بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

گوگل کے پکسل 4 میں پروجیکٹ سولے چپ لگائی گئی ہے جس کی وجہ سے اسے ریڈار جیسی صلاحیتیں حاصل ہوجاتی ہیں۔

تاہم اب موبائل کو چھونے کے بجائے اس کے اوپر سے ہاتھ گزارنے سے کال موصول کی جاسکتی ہے اور موبائل پر چلنے والی موسیقی کو تبدیل کیا جاسکتا ہے جبکہ اسی طرح دیگر فیچرز بھی چلائے جاسکتے ہیں۔

اسی چپ کی مدد سے موبائل فون کو کسی مخصوص ایکشن کے بارے میں اطلاع بھی ہوسکے گی جس کی مثال ایسے ہے کہ اگر موبائل میں الارم بجنے لگے جسے بند کرنے کے لیے جیسے ہی ہاتھ اس کے قریب پہنچے گا وہ اسے بغیر ٹچ کیے ہی بند کردے گا۔

اس موبائل فون کی ڈائریکٹر پروجیکٹ سبرینا ایلیس کا کہنا ہے کہ پکسل 4 میں چہرے کی مدد سے موبائل فون کھولنے کا فیچر تیز ترین ہے یہ اسی وقت کام کرنے لگ جاتا ہے جب اس کا یوزر اسے ہاتھ میں اٹھاتا ہے۔

آپ جیسے ہی اس موبائل کو اپنے قریب کریں گے تو اس موبائل فون کی اسکرین پر بغیر ٹچ کیے ہی کیمرہ آن ہوجائے گا۔

گوگل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس فون کا ریڈار جو بھی معلومات حاصل کرے گا وہ صرف اس فون کے لیے ہی ہوگی جبکہ یہ معلومات گوگل پر نہ ہی شیئر کی جائے گی اور نہ ہی یہ گوگل ڈرائیو پر محفوظ ہوگی۔

اس نئے گوگل پکسل 4 کا ڈسپلے بالکل ایپل کے آئی فون ایکس اور آئی فون 11 جیسا ہوگا جبکہ اس میں ایپل کے آئی فون 11 کی طرح ہی 3 بیک کیمروں کا استعمال کیا گیا ہے۔

اس فون کی قیمت کمپنی کی جانب سے 799 ڈالر سے 899 ڈٓالر رکھی گئی ہے۔

علاوہ ازیں گوگل کی جانب سے اپنے پکسل بڈز 2 بھی متعارف کروائے گئے ہیں جو جدید ایئرفونز ہیں جسے کمپنی نے ’’کان میں موجود کمپیوٹرز‘‘ کہا ہے۔

ان نئے ایئرفونز میں سب سے بڑی پیش رفت اس کی بلیوتوتھ کی رینج ہیں، کیونکہ یہ اپنی ڈیوائس کے ساتھ ایک فٹبال فیلڈ جتنی دوری تک بھی منسلک رہ سکتے ہیں اور آواز باآسانی پہنچا سکتے ہیں۔

یہ ایئرفونز ایک مرتبہ چارجنگ کے بعد 5 گھنٹے تک چل سکتا ہے جس میں مائیکرو فون بھی لگے ہوئے ہیں جن کا رخ ایئرفون پہننے والے کے منہ کی جانب ہیں جو آواز ڈیوائس تک پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ اس کے بارے میں وہ مزید تفصیلات سامنے لائیں گے جبکہ اسے فروخت کے لیے آئندہ برس مارکیٹ میں لایا جائے گا اور اس کی قیمت 179 امریکی ڈالر ہوگی۔

تازہ ترین