• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

شہباز شریف جے یو آئی کے آزادی مارچ میں شریک ہونگے، رانا تنویر

کراچی (ٹی وی رپورٹ) مرکزی جنرل سیکرٹری جے یو آئی ف سینیٹر مولانا غفور حیدری نے کہا ہے کہ احتجاج کا آغاز آزادی مارچ سے کریں گے۔

اسلام آباد پہنچنے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، اس وقت تمام پارٹیاں مل کر دھرنے سے متعلق فیصلہ کریں گی،جیل سے آزادی مارچ کی حمایت پر نواز شریف کی جرأت کو سلام کرتا ہوں۔

اٹھارہ سال سے کم عمر نوجوانوں کو قافلوں میں شامل ہونے سے منع کردیا ہے، خاکی وردی والے رضاکار صرف آزادی مارچ کیلئے نہیں ہمارے تمام جلسوں کی حفاظت کرتے ہیں۔

رانا تنویر کی  جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو


وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے۔ پروگرام میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور ن لیگ کے رہنما رانا تنویر حسین بھی شریک تھے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ ن لیگ آزادی مارچ میں شرکت کرے گی لیکن دھرنے کی بات ہمارے علم میں نہیں ہے، اپوزیشن کی زیادہ ترجماعتیں جلسے کی حد تک آزادی مارچ میں شریک ہوں گی۔

نواز شریف نے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرنے کی ہدایت کی ہے، کسی سیاسی جماعت کے پاس مسلح جتھے نہیں ہیں، شہباز شریف جے یو آئی ف کے آزادی مارچ میں شریک ہوں گے، نواز شریف نے آزادی مارچ کیلئے باقاعدہ روڈ میپ دیا ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ حکومت جے یو آئی ف کے احتجاج سے خوفزدہ نہیں ہے، مولانا فضل الرحمٰن کی شرائط ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں، جے یو آئی جمہوری قدروں سے آگے نکلی تو مسئلہ پیدا ہوجائے گا۔

مولانا فضل الرحمٰن احتجاج ضرور کریں لیکن مسلح جتھے نہ لائیں اور مدرسہ کے بچوں کو استعمال نہ کریں۔

تازہ ترین