راولپنڈی(وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)سوادوسال گذرنے کے باوجود راولپنڈی کے 4پولیس سٹیشنوں کی نئی عمارتیں مکمل نہ ہوسکیں۔ نئی عمارتوں کی تعمیرکا کام 2014کے ابتدائی دنوں میں شروع کیاگیاتھاجوانتہائی سست روی کا شکارہے جس کی وجہ سے متعلقہ پولیس سٹیشنوں کے ملازمین کو مشکلات کا سامناہے۔ان زیرتعمیرپولیس سٹیشنوں میں تھانہ سٹی،صدربیرونی،کہوٹہ اورکوٹلی ستیاں شامل ہیں۔ان پولیس سٹیشنوں کی عمارتوں کی تعمیرنوکے وقت تھانوں کو دیگرعمارتوں میں منتقل کیاگیاجومحدودرقبے پر مشتمل ہونے کی وجہ سے ملازمین کے لئے دشواری کا باعث ہیں۔تھانہ سٹی کو عارضی طورپرگوالمنڈی پولیس چوکی میں منتقل کیاگیاتھا جس کی عمارت کی حالت انتہائی مخدوش ہوچکی ہے اورتفتیشی افسران کے بیٹھنے کے لئے جگہ کی قلت ہے بارشوں میں اس پولیس چوکی کی چھتیں ٹپکتی ہیں ۔تھانہ صدربیرونی کو تھانہ سول لائن کی بالائی منزل میں شفٹ کیاگیا ہے۔جب کہ تھانہ کہوٹہ اورکوٹلی ستیاں تھانوں کوکرائے پر لی گئی عمارتوں میں عارضی طورپرمنتقل کیاگیا ہے۔ذرائع کے مطابق فنڈزکی کمی اورمتعلقہ محکمے کی عدم توجہی کی وجہ سے چاروں پولیس سٹیشنوں کا تعمیراتی کام التواکا شکارہے ۔