• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول! عوام نے آپ کو مسترد کردیا، فردوس عاشق اعوان

سندھ اسمبلی کےحلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار معظم عباسی کی کامیابی پر تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بلاول صاحب ! آپ کے اپنے گھر میں عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی کی کامیابی جعلی اکاؤنٹس پارٹی کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے مسکن لاڑکانہ میں تبدیلی آ گئی ہے، کرپشن سے ناطے کے باعث پی پی پی صوبے سے اضلاع تک سمٹ کر رہ گئی ہے۔

وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ امید ہے بلاول اپنی زیر سرپرستی اور وزیراعلیٰ کی زیر نگرانی ہونے والے اس انتخاب کو جعلی قرار نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ حلقے میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی31 ہزار 557 ووٹ حاصل کر کے پہلے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو 26 ہزار 21 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تازہ ترین