• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سچ چھپایا نہیں جاسکتا، سلیکشن بے نقاب کریں گے، بلاول بھٹو

سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن کے نتائج پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سچ کو چھپایا نہیں جاسکتا، ہم اس سلیکشن کو بےنقاب کریں گے۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلاول بھٹو نے لکھا کہ ضمنی انتخاب میں ہونے والی دھاندلی کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار کو پولنگ اسٹیشن کے اندر تک جانے نہیں دیا گیا جبکہ خواتین ووٹرز کو مخالف جماعت کے امیدوار کو ووٹ ڈالنے کے لئے دھمکایا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا گیا تھا، ان تمام تحفظات کے باوجود الیکشن کمیشن نے نوٹس نہیں لیا۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن کے نتائج کے مطابق جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی31 ہزار 557 ووٹ حاصل کر کے پہلے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار جمیل سومرو 26 ہزار 21 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تازہ ترین