• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف علاقوں سے پولیس اہلکار اور اس کی بیوی سمیت 9 ملزمان گرفتار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس اہلکار اور اس کی بیوی سمیت9ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، کار، موٹر سائیکلیں، منشیات اور دیگر سامان برآمدکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے موٹر سائیکل لفٹر بہادر علی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چار موٹر سائیکل برآمد کرلیں، پولیس کے مطابق ملزم چوری کی جانے والی موٹر سائیکلیں اسٹریٹ کرائم اور منشیات کی فروخت میں استعمال کرتا تھا ملزم خود بھی نشے کا عادی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف درخشاں، ماری پور، شرافی گوٹھ اور فیروز آباد تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ملزم کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکلیں کھارادر، مدینہ کالونی اور فیروز آباد کے علاقوں سے چوری کی گئی تھیں، پولیس ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے ،اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے ملزم زاہد حسین کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول برآمد کرلی،پولیس کے مطابق ملزم گلبہار تھانے میں درج ڈکیتی کے مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھا، پولیس نے بتایا کہ ملزم کو ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں شناخت کیا گیا ہے، گلشن اقبال پولیس نے گھریلو ملازمہ مہناز دختر غلام محمد کو گرفتار کرکے بلاک13ڈی میں ایک گھر سے چوری کیئے جانے والے طلائی بندے، چین،لاکٹ اور دیگر سامان برآمد کرلیا ، پولیس کے مطابق مدعیہ مس فوزیہ نے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ،لانڈھی پولیس نے تین ملزمان آصف اس کی اہلیہ شاہینہ اور برادر نسبتی کورنگی انویسٹی گیشن کے کانسٹیبل اشرف کو گرفتار کرلیا ،پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل اور ہیروئن برآمد کی گئی،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ،سرسید پولیس نے ایک کارروائی میں تین ڈاکوؤں آصف عرف چھوٹا، عاقب اور اویس کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین پستول، موبائل فون نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم آصف اس سے قبل بھی سرسید پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جاچکا ہے،پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک کار برآمد ہوئی جو رینٹ کی ہے ملزمان کار میں لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔

تازہ ترین