پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی اور بین الاقوامی پارٹنرز کے مشترکہ پراجیکٹ لوکل گورننس سپورٹ کے ذیلی پراجیکٹ جنریٹنگ وائس فار وائس لیس (جی وی وی) کے تحت 40سے زائد طلباء و طالبات میں پراجیکٹ شراکت کی تعریفی تقسیم اسناد تقسیم کی گئیں، تقریب کے مہمان خصوصی لوکل گورنمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عابد اللہ کاکاخیل تھے۔پراجیکٹ کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر ضیاء عبید ، ڈاکٹر فیض اللہ جان ، آئی ایم سٹڈیز کے ڈائریکٹر سجاد احمد خان ، جنڈرسٹڈیز کی پروفیسر انوش خان ودیگر شریک ہوئے ، جی آئی زیڈ کے ڈپٹی ٹیم لیڈر محمد عاطف اور سوئس ڈوویلپمنٹ ایجنسی کے احمد علی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ پشاور یونیورسٹی میں سیل فار گورننس، پبلک پالیسی ریسرچ و سوشل اینوویشن کا اور ویب سائٹ کا افتتاح بھی کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ عابد اللہ کاکاخیل نے تنقیدی تحقیق کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کہ پشاور یونیورسٹی ایک رول ماڈل کی حیثیت سے مستقبل میں مقامی حکومتوں کے نظام پر سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو رہنمائی وماہرانہ رائے کی فراہمی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں لوکل گورنمنٹ کا نظام جلد نافذ اور قائم کیا جائے گا۔