• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج جمعۃ المبارک کو یوم خاتم النبیینﷺ کے طور پر منایا جائے، عبدالعزیز چشتی

لندن (نمائندہ جنگ) مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے مرکزی سیکرٹری جنرل خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے برطانیہ اور یورپ کے علمائے کرام، مشائخ، خطباء، آئمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ آج جمعتہ المبارک کے خطابات میں عقیدہ ختم نبوت کے موضوع پر خطابات فرماتے ہوئے اس راسخ عقیدہ کو جسے اسلام کا بنیادی اور اساسی عقیدہ قرار دیا جاتا ہے اور یہ پوری ملت اسلامیہ کا اجماعی عقیدہ ہے کہ حضور سیدالانبیاء والمرسلین خاتم النبیین، اللہ کے آخری نبی اور رسول ہیں اور آپؐ کی آمد یعنی تشریف آوری کے بعد قصر نبوت مکمل ہوگیا ہے اب اس راسخ اور امت مسلمہ کے اجماعی عقیدہ کے خلاف جو بھی بغاوت و انحراف کرتے ہوئے نبوت کا دعویٰ کرتا ہے تو وہ کافرومرتد اور دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ مولانا چشتی نے علمائے کرام سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ عالمی تاجدار ختم نبوت کانفرنس کی ضرورت و اہمیت سے بھی عوام الناس کو آگاہ کریں اور دعوت دیں اور اس میں شمولیت کرکے نبی پاکؐ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار بھی کریں اور 20اکتوبر بروز اتوار دن دو بجے مرکزی جامع مسجد غوثیہ لی برج روڈ والتھم سٹو لندن میں ہونے والی تاجدار ختم نبوت سنی کانفرنس کی اہمیت و افادیت اور ضرورت سے عوام الناس کو آگاہ کریں اور عاشقان رسول کو اس اہم کانفرنس میں شمولیت کی بھرپور دعوت دیں، تاکہ ہم سب مل کر اس پاکیزہ مشن کے پیغام کو یورپ کے گھر گھر میں پہنچائیں۔ برطانیہ بھر کے ممتاز علمائے کرام نے اس عالمی کانفرنس کو وقت کی اہم ضرورت اور تحفظ ناموس رسالتؐ کیلئے ایک زینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج اسلام اور عالم اسلام اور ملت اسلامیہ کے خلاف ہر طرف گہری سازشوں کے جال بچھائے جارہے ہیں اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ ہم تمام اختلافی و فروعی اختلاف کو پس پشت ڈال کر تحفظ ناموس رسالتؐ اور ختم نبوت کے راسخ عقیدہ کے تحفظ کیلئے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد اور منظم ہوکر جماعت اہلسنت کی اس تاریخی جدوجہد میں عملی طور پر شامل ہوکر اس کانفرنس کو کامیابی سے ہمکنار کرکے اتحاد و اخوت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملت واحدہ ہونے کا عملی ثبوت فراہم کریں۔ عقیدہ ختم نبوت ہی ایمان کی معراج ہے۔
تازہ ترین