• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہم ترین فارمیٹ میں قیادت اعزاز سے کم نہیں، اظہر علی

اہم ترین فارمیٹ میں قیادت اعزاز سے کم نہیں، اظہر علی


قومی ٹیسٹ ٹیم کے نئے قائد اظہر علی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے اہم ترین فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں اظہر علی نے کہا کہ وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق کپتان سرفراز احمد نے بہترین انداز میں را ٹیلنٹ کو تجربہ کار کھلاڑیوں میں تبدیل کیا ہے اور اب وہ ان تجربہ کار کھلاڑیوں سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے کہاکہ وہ پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کی موجودگی میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔

اظہر علی کی کپتانی میں عالمی رینکنگ میں 7 ویں نمبر پر موجود پاکستان ٹیم اپنا پہلا اسائنمنٹ 5 ویں رینکنگ پر براجمان آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی جہاں پہلا ٹیسٹ میچ21 نومبر سے برسبین اور دوسرا 29 نومبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نئے قائد اظہر علی نے2010ء میں لارڈز کے میدان میں ڈیبیو کیا، وہ ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور قائدِ اعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے میں 333 رنز بنا کر دوسرے بہترین بیٹسمین رہے ہیں۔

تازہ ترین