• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قتل کے ملزم کو عمر قید ، 10سال قید، ناکافی شواہد ،5ملزمان بری

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن کورٹ نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے والے شہری کو قتل کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد علی کو عمر قید کے ساتھ 10 سال سزا جبکہ دوسرے ملزم احمد علی کو دس سال قید با مشقت اور مجموعی طور پر تین لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ۔ سیشن کورٹ نے منشیات کے مقدمہ میں بطور گواہ عدالت میں پیش نہ ہونے والے 4 پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ اے این ایف کو حکم دیا ہے کہ ان اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ کی آئندہ سماعت 9 نومبر کو عدالت کے روبرو پیش کریں۔ ماڈل مجسٹریٹ کورٹ نے تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں ملوث پانچ ملزمان عمران، عثمان ، عمر، ابرار گجر اور شوکت حسین کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر مقدمہ سے بری کرنے کا حکم دیا ہے۔ سیشن کورٹ نے منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث ملزم ساجد کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ سیشن کورٹ نے منشیات کے مقدمہ میں ملزم کو اقبال جرم کرنے پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کی سزا کا حکم دیا ہے۔ مجسٹریٹ کورٹ نے بجلی چوری کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو اقبال جرم کرنے پر ایک سال کے لئے پروبیشن پر بھجوانے کی سزا کا حکم دیا ہے۔ جسٹس آف پیس نے دعویٰ استقرار حق دائر کرنے والے شہری شیخ محمد سلیم کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ شاہ شمس سے 23 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا ۔ سیشن کورٹ نے چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم اقبال کی عبوری ضمانت میں پولیس سے 25 اکتوبر کو ریکارڈ طلب کرلیا ۔ جسٹس آف پیس نے بوگس چیک دینے والےاکبر کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس پی کمپلینٹ سے 21 اکتوبر کو جواب طلب کرلیا۔
تازہ ترین