• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے بھارت کو ہر فورم پر بے نقاب کیا، وزیر خارجہ

پاکستان نے بھارت کو ہر فورم پر بے نقاب کیا، وزیر خارجہ


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر بھارت کو بے نقاب کیا، بھارت پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے نئی دہلی اب پاکستان کو اندرونی معاملات میں اُلجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارت کے خلاف کشمیری نوجوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

پاکستان نے بھارت کو ہر فورم پر بے نقاب کیا، وزیر خارجہ
شاہ محمود اور عثمان بزدار نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا

اس سے قبل وزیر خارجہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی۔

شاہ محمود قریشی اور عثمان بزدار نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

دونوں رہنماؤں نے بھارتی فائرنگ کا نشانہ بننے والے شہریوں اور شہید لانس نائیک زاہد کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارت کے کئی فوجی جہنم واصل کیے اور بزدل بھارتی فوج کو سبق سکھایا۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت کمر بستہ ہیں، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 22 کروڑ عوام بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے، پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرکے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا، بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بنا کر خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ شہری آبادی پر حملہ نہایت قابل مذمت فعل اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔

تازہ ترین