• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دارالعوام، اسپیکرنے بریگزیٹ پر ووٹنگ کی حکومتی درخواست مسترد کردی

لندن (نیوز ڈیسک) دارالعوام کے اسپیکر جان برکائو نے بریگزٹ ڈیل پر رائے شماری کرانے کے حوالے سے حکومت کی درخواست مسترد کردی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ تحریک ہفتہ کو ایوان میں زیر بحث لائی جا چکی ہے، اس پر دوبارہ بحث ممکن نہیں، اس سے گڑبڑ پیدا ہونے کا خدشہ ہے،علیحدگی کا بل اب بعد میں پیش کیا جائے گا اور اسے منظوری کیلئے چھان بین کے عمل سے گزرنا ہوگا،دوسری جانب بریگزٹ کے حامی ٹوری رہنما سر برنارڈ جینکن اور ڈیوڈ ٹی سی ڈیویز کی جانب سے اسپیکربرکائو پر تنقید کی گئی ہے۔ ہفتہ کو ارکان پارلیمنٹ نے بورس جانسن کی ڈیل کو قانون کی منظوری تک روکنے کی منظوری دی تھی، حکومت نے کہا کہ اسے مایوسی ہوئی ہے لیکن وہ اس حوالے سے ضروری قانون متعارف کرائے گی۔ وزیراعظم کے دفتر کے سرکاری ترجمان نے کہا کہ اسپیکر نے ایک دفعہ پھر ہمیں عوام کی خواہشات کے مطابق عمل کرنے کا موقع دینے سے انکار کردیا ہے، برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی میں اب صرف10 دن باقی ہیں، اگرچہ بورس جانسن اور یورپی یونین اس حوالے سے ڈیل پر رضامند ہوچکے ہیں لیکن یہ ڈیل برطانیہ اور یورپی یونین دونوں کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بغیر نافذ العمل نہیں ہوسکتی،حکومت ہفتہ کو اس ڈیل پر ہاں یا نہیں کی صورت میں رائے شماری کرانا چاہتی تھی لیکن ارکان پارلیمنٹ نے سابق ٹوری رکن سر اولیور لیٹون کی جانب سے پیش کردہ ترمیم کی حمایت کا فیصلہ کیا۔
تازہ ترین