• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، میٹرک کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے رینجرز کی خدمات حاصل

سکھر( بیورو رپورٹ) ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کی جانب سے نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات 28مارچ سے سکھر، خیرپور، گھوٹکی اور نوشہروفیروز اضلاع میں شروع ہوں گے، نقل کی روک تھام کے لئے چاروں اضلاع کے حساس امتحانی مراکز پر رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں، چیئرمین تعلیمی بورڈ سید مجتبیٰ شاہ کے مطابق نویں ، دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے سائنس اور جنرل گروپ کے ایک لاکھ 7ہزار طلبہ وطالبات کے لئے چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر 204امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں ،26سال بعد پہلی مرتبہ امتحانات کے پیٹرن کو تبدیل کرتے ہوئے نویں جماعت کے انگلش کے مشکل مضمون سے امتحانات کاآغاز کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ نقل کی روک تھام اور دفعہ 144 کے نفاذ پر مکمل عملدرآمد کرانے کیلئے کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے تعلیمی بورڈ سکھر کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور انتظامی افسران کو ہدایات دی ہیں کہ وہ نقل کی روک تھام کو مکمل طور پر یقینی بنائیں ، نقل میں ملوث تمام لوگوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے ، امتحانات سے قبل تمام اضلاع میں سیمینار منعقد کئے گئے جس میں تعلیمی، انتظامی افسران سمیت دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، سیمینار کا مقصد امتحانی مراکز کو نقل کے ناسور کو ہمیشہ کے لئے پاک کرنا ہے۔امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لئے 30ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں پانچ ٹیمیں خواتین تعلیمی افسران پر مشتمل ہوں گی اور ایک ٹیم میں ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹرز اور دیگر اساتذہ شامل ہوں گے ۔
تازہ ترین