• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کا سیاست سے تعلق نہیں، چیئرمین نیب


قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کو سیاست سے علیحدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیورو کا تعلق صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ 

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا تعلق سیاست سے نہیں بلکہ ریاست پاکستان سے ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرپشن اب دیمک نہیں بلکہ کینسر بن چکی ہے، جس کی سرجری ضروری ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے تاجروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں حکومت اس پوزیشن میں نہیں کہ ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرسکے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ غریب عوام کو لوٹنے والی مافیا کے اختتام کا وقت قریب ہے، عوام کو لوٹنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز یا بلڈرز نیب سے نہیں بچ سکیں گے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ بلڈرز مافیا نے کئی بیواؤں اور غریبوں کے پیسے ہڑپ کیے ہیں مگر ہم نے ان سے پیسے نکلوانے کی کوشش کی ہے اور ان کی رقم متاثرہ لوگوں کو واپس دلوائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کاروبار کرنے والوں اور جعلسازی کرنے والوں میں فرق کرنا پڑے گا، کل ہی ہم نے کراچی میں 22 سال پہلے لوگوں کے پیسے دبانے والوں کو پکڑا ہے اور متاثرہ لوگوں کو ان کے پلاٹ کے کاغذات دلوائے ہیں۔

تازہ ترین