پاکستان بزنس کونسل دبئی، تقریبات کا اہتمام وقتاً فوقتاً کرتی رہتی ہے، جس کا مقصد امارات میں پاکستانی تاجروں اور اداروں کا مثبت امیج اُجاگر کرنا اور تاجروں کو گائیڈلائن دیا جانا ہے، جس پر عمل کر کے پاکستانی تاجر اپنے کاروبار کو فروغ دے سکیں۔ اس سلسلے میں پی بی سی کا، سفارت خانہ پاکستان اور قونصلیٹ سے بھی رابطہ رہتا ہے۔حال میں سفیر پاکستان یو اے ای غلام دستگیر نے ابوظہبی میں نئی ذمے داریاں سنبھالی ہیں۔
ان کے اعزاز میں گزشتہ دنوںپاکستان بزنس کونسل کی جانب سے پُروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا ،جس میں سفارت خانہ و قونصلیٹ آف پاکستان کے افسران، پاکستان بزنس کونسل کے عہدے داروں، ممبران اورکمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستان بزنس کونسل کے محمد اقبال دائود، سینئر نائب صدر احمد شیخانی، راجہ ریاض اور دیگر ڈائریکٹرز نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
مہمانوں میں قونصل جنرل احمد امجد علی، قونصلرز وہاب شیخ، سیّد مصور عباس، عاشق حسین شیخ، محمد شبیر مرچنٹ، محمد احمد شیخانی، میاں عمر ابراہیم، حاجی محمد یاسین، راجہ محمد سرفراز، رضوان فینی، ڈاکٹر راشد خان، کامران احمد ریاض، حاتم علی حیدر شامل تھے۔ کمپیئرنگ کے فرائض خرم خواجہ نے انجام دیئے۔
محمد احمد شیخانی نے کہا کہ میں سفیر پاکستان کو پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ بزنس کونسل کافی سالوں سے امارات اور خصوصاً دبئی میں پاکستان بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ چیمبر آف کامرس دبئی کے زیراہتمام کام کرتی ہے۔ کونسل امارات میں کاروباری اداروں اور پاکستان کے بزنس مینوں کے لئے مقامی بزنس کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کر رہی ہے۔ ہمارا قونصلیٹ اور سفارت خانہ پاکستان کے ساتھ ہر وقت رابطہ رہتا ہے۔
صدر پاکستان بزنس کونسل محمد اقبال دائود نے سفیر پاکستان غلام دستگیر کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر وقت پاکستان اور پاکستانیوں کی مدد اور تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں بلکہ قونصلیٹ اور سفارت خانے کے شانہ بشانہ ہیں۔ پاکستانیوں کو امارات میں کاروباری سہولتیں فراہم کرنا ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ ہم پاکستان کمیونٹی کی بھی بھرپور خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
سفیر پاکستان غلام دستگیر نے کہا کہ پاکستان کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سفارت خانہ اور قونصلیٹ اپنی کوششیں کر رہا ہے۔ کوشش ہے کہ کمیونٹی کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں۔ پاکستان پوری دُنیا کے لئے کاروبار کا مرکز بننے جا رہا ہے جبکہ پاکستان دبئی میں منعقد ہونے والی ایکسپو 2020ء میں بھرپور حصہ لے گا۔ جس سے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارت کا حجم بڑھے گا۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی اسکولوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ہم سب کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ہم جامع حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں تا کہ یہاں بسنے والے پاکستانی بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔ یو اے ای کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے جرمانے ادا کر کے وطن واپسی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسپتالوں میں زیرعلاج کم آمدن والے پاکستانیوں کو بھی مالی امداد فراہم کر رہے ہیں۔
میرا مقصد پاکستانی کمیونٹی کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنا ہے۔ یو اے ای اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے۔ میرے دروازے نہ صرف خاص پاکستانیوں بلکہ یہاں مقیم ہر پاکستانی کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔ دبئی میں قونصلیٹ اور قونصل جنرل بھی خدمت کے لئے ہر وقت دستیاب ہیں۔ اس موقعے پر صدر محمد اقبال دائود نے پاکستان بزنس کونسل کی کارکردگی پیش کی۔ بزنس کونسل کے عہدیداروں نے سفیر پاکستان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ نئے ممبران کو خوش آمدید بھی کیا گیا۔ آخر میں صدر محمد اقبال دائود نے شرکائے تقریب اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔