• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایلی سن تھیولس، انس سرور

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم و غیرقانونی اقدامات کی مذمت کے لئے گلاسگو میں پرجوش طریقے سے یوم سیاہ منایا گیا جس کا اہتمام کونسل آف ہیومن رائٹس اور تحریک کشمیر نے کیا تھا، سٹی سنٹر کی بکنین گیلریز کے باہر سخت سردی کے باوجود سیکڑوں افراد جمع ہوئے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر جاوید حسین گل نے ادا کئے جبکہ ایلی سن تھیولس ایم پی، انس سرور ایم ایس پی، کونسلر حنیف راجہ، کونسلر جنید اشرف، کونسلر ثاقب احمد، کونسلر میکلوڈ، ڈاکٹر عمران جہانگیر، ڈاکٹر رفیق حبیب، ڈاکٹر ادریس اور دیگر مختلف کمیونٹیز اور ممالک کے رہنمائوں نے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً تین ماہ ہونے کو ہیں کہ اس نے مقبوضہ وادی میں 80لاکھ افراد کو محصور کررکھا ہے، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسز بند ہیں لوگوں کو اشیائے ضروریات بلکہ دوائیوں تک کی قلت ہے۔ ہزاروں افراد کو گھروں سے اٹھا کر دیگر ریاستوں میں نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مقررین نے حاضرین سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقے کے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر مختلف منتخب اداروں کے ممبران سے ملاقاتیں کرکے انہیں مقبوضہ کشمیر کی ہنگامی صورتحال سے آگاہ کریں، گھروں میں مقیم خواتین اور تمام تعلیم یافتہ بچوں کو چاہئے کہ وہ ہر متعلقہ ادارے میں ای میلز بھیج کر ان پر زور دیں کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوائیں اور وہاں کی حکومت کو مجبور کریں کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق رائے شماری کرائے، ان کا کہنا تھا کہ جب تک کشمیر میں کرفیو کا خاتمہ نہیں ہوجاتا اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت نہیں ملتا، جدوجہد جاری رہے گی۔

تازہ ترین