• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ تیز گام، سندھ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مسعود احمد سولنگی کی جانب سے تیز گام ٹرین حادثے کے بعد صوبے بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ڈاکٹر مسعود احمد سولنگی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ شب کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان کے قریب 2 گیس سیلنڈر اور ایک چولہا پھٹنے کے باعث آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کے سبب مسافر ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگنے سے 65 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جبکہ بیشتر مسافر جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔

اس صورتحال کے پیش نظر سندھ سے تعلق رکھنے والے حادثے کے شکار مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے صوبے بھر کے اسپتالوں میں طبی عملے کی موجودگی سمیت تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے اسپتالوں کے برنس وارڈ میں خصوصی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی، 73 افراد جاں بحق


واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان کے قریب سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 73 مسافر جاں بحق ہوگئے، جس میں سے 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹرین میں آگ اکانومی کلاس کے ڈبوں میں لگی جن میں سفر کرنے والے مسافر اپنے ساتھ گیس کے سیلنڈر اور چولہے لے کر آئے تھے اور وہ صبح کے ناشتے کی تیاری کر رہے تھے۔

تازہ ترین