راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں اب تک272ڈینگی کے مریض موجود ہیں جن میں 197کنفرم ڈینگی کیسز ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 99ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے جبکہ اس دوران99 مریض علاج معالجہ کے بعد ڈسچارج ہو گئے۔ انسداد ڈینگی کے حوالے سے مقرر کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 37کو نوٹسز، 3کو سیل اور 16ٹائرز قبضے میں لے لئے گئے۔ اس بات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی پنجاب فرح آغا کی زیرصدارت انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ درجہ حرارت میں تبدیلی کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش اور ڈینگی کے مریضوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ انسداد ڈینگی مہم پر کام کرنیوالی ٹیمیں ہاٹ سپاٹ کو فوکس کریں‘ ہاٹ سپاٹ کرنیوالے اہلکاروں کے پاس ٹیب یا موبائل فون ہونا انتہائی ضروری ہے اور کیس رسپانس کو خصوصی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیش بورڈ پر روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا کا اندراج کیا جائے‘ غلط رپورٹنگ کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صائمہ یونس نے کہا کہ ان ڈورز اور آئوٹ ڈورز سرویلنس پر زیادہ توجہ دیتے ہوئے لاروا تلفی کے اقدامات کئے جائیں اور صفائی مہم کے تحت یقینی بنایا جائے کہ ماحول ڈینگی بریڈنگ کیلئے سازگار تو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے لوگوں میں اس شعور کو اجاگر کرنے کیلئے بھی کوششیں جاری رکھی جائیں تاکہ لوگوں کو ڈینگی کے حملے سے محفوظ رکھا جا سکے۔