• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

” لاہور قلندرز“ اور پی سی بی کے درمیان تناؤ بڑھنے لگا

ایک ایسے وقت میں جب پاکستان کرکٹ بورڈ ” پی ایس ایل“ کے پانچویں ایڈیشن کی تیاریوں میں مصروف ہے، گزشتہ شب بورڈ کے زیرِ انتظام بناء میڈیا کو مدعو کیے خالی قذافی اسٹیڈیم میں مضحکہ خیز انداز میں” پگم پگا ئی “ کی گئی۔

چئیر مین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی موجودگی میں ڈرافٹ کے لیے پہلی فرنچائز کا فیصلہ ہوا، لیگ کی سب سے زیادہ متحرک فرنچائز ”لاہور قلندرز“ انتظامیہ کی عدم موجودگی کے ساتھ چہ مگوئیاں شروع ہوچکی ہیں، یہ بات درست ہے کہ چیف ایگزیکٹو عاطف رانا، چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا اور ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید ان دنوں ”بیٹل آف قلندرز “ میں مصروف ہیں۔

چند گھنٹے کی مسافت طے کرکے قلندرز انتظامیہ کو قذافی اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی تقریب میں جانا ہرگز دشوار نہ تھا، کیوں کہ اس تقریب کا حصہ ملتان سلطان کے علی ترین تقریب کے فوراً بعد قلندرز ایونٹ کی تقریب تقسیم انعامات میں عاطف رانا کے ساتھ موجود تھے۔

اطلاعات کے مطابق چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے پی ایس ایل کے عمران کو دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ وہ تقریب میں شرکت نہیں کریں گے، قلندرز انتظامیہ ٹی 10لیگ میں کھلاڑیوں کو این او سی دینے کے معاملے پر ان خبروں کے آنے کے بعد خاصی مایوس دکھائی دے رہی ہے کہ چئیر مین پی سی بی نے این او سی کھیل کے وسیع تر مفاد میں دی، البتہ ویب سائٹ ”کرک انفو“ پر اس خبر کی اشاعت کے بعد کہ احسان مانی نے اماراتی کرکٹ بورڈ کے نائب چئیر مین خالد الزاروانی سے یہ کہا کہ فیصلہ ان کے ہاتھ میں نہیں۔

قلندرز انتظامیہ بورڈ کی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتی دکھائی دیتی ہے، چند ہفتے قبل کراچی میں چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے تنہا ’’پی ایس ایل ‘‘ فرنچائز کے مالکوں کی عدم موجودگی میں بورڈ کی پالیسیوں پر چئیرمین احسان مانی کو اپنی گفتگو سے قائل کیا تھا، اور ’’پی ایس ایل “ کے حوالے سے اہم فیصلوں کو منوایا تھا، تاہم ان کے جارحانہ عزائم کے آگے بورڈ انتظامیہ اس وقت شدید تذبذب کا شکار ہے۔

ثمین رانا کی جانب سے پہلی باری کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرنے پر پی ایس ایل کے عمران خاصے پریشان ہیں، البتہ حیران کن امر یہ ہے کہ کوئٹہ گیلڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر جنہوں نے سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹائے جانے پر بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا احسان مانی اور وسیم خان کے ساتھ ’’پگم پگائی ‘‘ تقریب میں ہنستے مسکراتے دکھائی دئیے، بورڈ کا یہ دوہرا معیار سوالات اٹھا رہا ہے۔

قلندرز انتظامیہ جس نے ہمیشہ اپنے پروگراموں میں پی سی بی کو اہمیت دی ہے، چند روز قبل لاہور میں ان کے ’’ ہائی پرفارمینس‘‘ سینٹر کی افتتاحی تقریب میں بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی بھی موجود تھے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ اپنے فیصلوں کی وجہ سے اس وقت شدید تنقید کی زد میں موجود چئیر مین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان ’’پی ایس ایل‘‘ کی متحرک اور سب سے مقبول فرنچائز ’’ لاہور قلندرز‘‘ کے ساتھ فاصلے کم کرنے کے برعکس الجھاؤ کے فارمولے پر عمل پیرا دکھائی دیتے ہیں ۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ’’قلندرز ‘‘ انتظامیہ نے بورڈ کے ہر فیصلے کا احترام کیا ہے، چئیر مین پی سی بی اور وسیم خان کے علم میں اگر یہ بات تھی کہ قلندرز انتظامیہ قذافی اسٹیڈیم کی تقریب کا بائی کاٹ کر رہی ہے، تو انہیں اس حوالے سے خود رابطے کی پالیسی اپنانی چاہیے تھی، جس سے گریز کیا گیا، جو کہ باعث تشویش ہے۔

تازہ ترین