• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس طرح مکان خریدنا آج کے دور میں سب سے مشکل کام ہے، بالکل اسی طرح اپنے مکان کو اچھی قیمت میں فروخت کرنا بھی آسان نہیں ہوتا۔ مکان چونکہ انسان کے قیمتی اثاثہ جات میں سے ایک ہوتا ہے، لہٰذا اسے کم قیمت میں فروخت کرنے کا تصور نہیں کیا جاتا اور کوشش یہی ہوتی ہے کہ اس کی بہتر سے بہتر قیمت مل جائے۔ 

ہوسکتا ہے کہ آپ ابھی اپنے گھر کو فروخت کرنے کا ارادہ نہ رکھتے ہوں لیکن اس کو بہتر حالت میں رکھنے سے اس کی پائیداری برقرار رہے گی۔ چنانچہ مالک مکان کے لیے ان عوامل کو جاننا ضروری ہے، جن پر عمل کرتے ہوئے گھر کی قدروقیمت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ 

اس سلسلے میں کیے گئے ایک سروے نتائج کے مطابق مکان خریدنے والے افراد کی 71فیصد شرح اس بات پر اتفاق رکھتی ہے کہ مکان کا بیرونی حصہ (مثلاً داخلی حصہ ،بیک یارڈ ،فرنٹ یارڈ ،واک وے وغیرہ) پہلا اور ایک کامیاب تاثر دینے میں کامیاب رہتا ہے۔ اس حصے میں خاص تبدیلی لاکر آپ اپنے گھر کی قدرو قیمت بڑھاسکتے ہیں۔

مرکزی دروازے کی تبدیلی

گھر کی قدروقیمت بڑھانے والے عوامل میں سرفہرست گھر کےمرکزی دروازے کی تبدیلی ہے لیکن یہ تبدیلی اس بات پر منحصر ہے کہ گھر کا مرکزی دروازہ بالآخر کتنا پرانا ہے۔ اگر آپ نے کچھ عرصہ قبل ہی مرکزی دروازہ تبدیل کیا ہے تو مکان فروخت کرنے سے قبل صرف اس پر رنگ وروغن کروانا ہی آپ کے ایکسٹیریئر کی قدروقیمت بڑھانے کا سبب بن جائے گا۔ 

مرکزی دروازہ گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے علاوہ مہمانوں کے استقبال کے لیے بانہیں پھیلائے نظر آتا ہے۔ خریدار جب مکان دیکھنے کے لیے آتے ہیں تو اسی مرکزی دروازوں سے ہوتے ہوئے اندر داخل ہوتے ہیں، کوشش کریں کہ وہ انھیں متاثر کرسکے۔

لینڈ اسکیپنگ میں تبدیلی

ہر انسان باغبانی کا شوق نہیں رکھتا،کچھ ایسے بھی لوگ ہوتے ہیں جو ہریالی اور پودوں کی دیکھ بھال نہیں کرپاتے، یہی وجہ ہے کہ ایسے لوگوں کے گھر ہریالی سے محروم نظر آتے ہیں۔ تاہم اس کے برعکس کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے گھروں میں داخلے کے ساتھ ہی لینڈ اسکیپنگ ایریا توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔

ایک خوبصورت لینڈاسکیپنگ ایریا بھی آپ کے گھر کی قدورقیمت بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ لہٰذا مکان فروخت کرنے سے قبل، لینڈاسکیپنگ ایریا کی جانب توجہ دیں اور اس میں کچھ ضروری تبدیلیاں لانے کی کوشش کریں مثلاًپھل، پھول، درختوں اور سبزیوں کے قطعے بنانا ،پلے ایریا، سٹنگ ایریا وغیرہ کا انتظام کرنا۔

پینٹ کروانا

اگر آپ چاہتے ہیں کہ گھر میں کی گئی تھوڑی سی سرمایہ کاری آپ کوبڑافائدہ پہنچائے تو گھرکے مختلف حصوں کو پینٹ کروانے کی جانب توجہ دیں۔ اگر آپ کا بجٹ رنگ کو تبدیل کرنے کی اجازت نہ دے تو آپ موجودہ رنگ وروغن جیسا ہی ایک کوٹ دوبارہ لگواسکتے ہیں۔ اندرونی حصوں میں کمرے کی ایک دیوار کا رنگ و روغن تبدیل کرنے کے ذریعے بھی گھرکی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

گھر کے اندرونی حصے میں رنگ نہیں کرواسکتے تو بیرونی حصے میں رنگ وروغن کروانے کے ذریعے گھر کو نیاپن دیا جاسکتا ہے۔ بس یوں سمجھ لیں کہ رنگ وروغن پر کی گئی سرمایہ کاری گھر کو روشن کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو متوجہ کرنے اور اچھے داموں مکان فروخت کا سبب بنے گی۔

خوبصورت کھڑکیاں لگائیں

اگر دروازہ گھر کی گزرگاہ ہے تو کھڑکیاں گھر میں دھوپ، ہوا اور وینٹی لیشن کا ذریعہ بنتی ہیں۔ کھڑکیاں اگرجدید، پائیدار، کشادہ اور بڑی ہوں تو یہ گھر کی خوبصورتی میں خاطر خواہ اضافہ کرتی ہیں۔ خوبصورت کھڑکیاں، گھر کو روشن اور ہوادار بنانے کے علاوہ، انسولیشن کے لیے بہترین ہوتی ہیں۔ 

اگر یہ انرجی ایفیشنٹ ہوں تو بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی آتی ہے، گھر کو ٹھنڈا یا گرم رکھنے کی صلاحیت کی حامل یہ کھڑکیاں ایک معمولی مکان کی قیمت میںبھی نمایاں اضافہ کرنے کا سبب بنتی ہیں۔ اس لیے مکان فروخت کرنے سے قبل کھڑکیوں کی تبدیلی کی جانب غور کریں۔ دوسری صورت میں کھڑکیوں کے فریم اور گلاس تبدیل کرنے کے ذریعے بھی گھر کی شان میں دوچند اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

احاطہ بندی

اگرچہ یہ ایک بہترین سرمایہ کاری نہیں ہےلیکن اردگرد لوگوں کو تکلیف دیے بغیر گھر کے بیرونی رُخ کی گئی احاطہ بندی گھر کی دلکشی میں اضافے کرنے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے لیے بھی بہترین تصور کی جاتی ہے ۔ باڑ کی تیاری کے لیے عام طور پر دو چیزوں (لکڑی اور پتھر) کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اگرآپ گھروں کو امریکن آرکیٹیکٹ اسٹائل دینا چاہتے ہیں توستون کے بجائے لکڑی کی باڑ کا انتخاب کیجیے۔

اگرچہ ہم جانتے ہیں کہ مکان فروخت کرتے وقت کسی بھی انسان کی توجہ کا مرکز پرانے گھر کے بجائے اس کا نیا گھر ہوتا ہے۔ ہر انسان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ پرانے گھر میں خرچہ کرنے کے بجائے نئے گھر میں پیسہ لگایا جائے لیکن پرانے گھر کی فروخت سے قبل بجٹ پر گراں گزری یہ تھوڑی سی رقم آپ کو گھر کی فروخت کے وقت مکان کی دگنی قیمت کی صورت میں وصول ہوسکتی ہے ۔

تازہ ترین