• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی نوشہرہ میں کارروائی، گاڑی کے خفیہ خانوں سے 2کروڑ 86لاکھ کی پاکستانی کرنسی برآمد

کراچی (اسد ابن حسن) پشاور ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے نوشہرہ میں ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے 2کروڑ 86لاکھ کی پاکستانی کرنسی برآمد کرلی جوکہ مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کی جارہی تھی۔ چھاپے کے بعد جب گاڑی ایکسائز دفتر پہنچی تو مسلح افراد نے آفس پر حملہ کردیا اور کافی دیر فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور آخرکار 4 مسلح افراد کو پکڑلیا گیا، وقوعہ کے بعد ملزمان کو ایکسائز حکام نے ایف آئی اے کے حوالے کرنا چاہا مگر کیونکہ منی لانڈرنگ سے متعلق شواہد نہیں دیئے گئے اور نہ ہی فرد جرم عائد کی گئی اس لیے ایف آئی اے نے انکار کردیا جس کے بعد رقم اور ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا گیا جو مزید تحقیقات کرے گی۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے خیبر پختونخوا خضرحیات نے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کیونکہ ایکسائز افسران ’’فرد‘‘کے ساتھ ملزمان اور کرنسی نہیں دے رہے تھے اس لیے ان کے ادارے نے انکار کیا۔جبکہ ڈائریکٹر ایکسائز کے پی پی کے فیاض علی شاہ نے بتایا کہ ملزمان اور کرنسی کو ضروری دستاویزات کے ساتھ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے اور مزید تحقیقات پولیس کرے گی۔

تازہ ترین