• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خالصتان نواز ایپ، گوگل کو بھارتی شہریوں کی زبردست تنقید کا سامنا

کراچی (نیوز ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کو بھارتی شہریوں کی زبردست تنقید کا سامنا ہے اور کمپنی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اینڈروئیڈ پلے اسٹور پر ایک ریفرنڈم ایپلی کیشن کے ذریعے سکھ کمیونٹی کی علیحدگی کی مہم کو فروغ دے رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اس موبائل ایپ کا نام ’’2020ء سکھ ریفرنڈم‘‘ ہے جو فروری سے پلے اسٹور پر موجود ہے اور ایک ہزار سے زائد لوگ ڈائون لوڈ کر چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، یہ ایپ امریکا میں قائم گروپ ’’سکھس فار جسٹس‘‘ نے لانچ کی ہے جو بھارت میں آزاد سکھ ریاست (خالصتان) کے قیام کی حامی ہے۔ اس علیحدگی پسند گروپ کو رواں سال جولائی میں بھارتی حکومت نے ریاست مخالف سرگرمیوں پر کالعدم قرار دیا تھا۔ سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ایپ بھارت کیخلاف پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ انہوں نے گوگل سے مطالبہ کیا ہے کہ پلے اسٹور سے اس ایپ کو ہٹایا جائے جبکہ کچھ صارفین نے گوگل کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اگرچہ یہ ایپ امریکا میں رجسٹرڈ کمپنی نے تیار کرکے لانچ کی ہے لیکن کچھ بھارتی صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے اسے پاکستان کی سازش قرار دیا۔
تازہ ترین