• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر معدنیات نے ضلع خیبر میں کان حادثہ کا نوٹس لے لیا

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے ضلع خیبر کے علاقے کالا خیل میں کوئلے کے کان میں پیش آنے والے حادثہ کا نوٹس لے لیا۔ محکمہ معدنیات کے مطابق گزشتہ روز ضلع خیبر کے علاقے کالا خیل میں کوئلے کے کان میں گیس جمع ہونے کے باعث تین مزدور پھنس گئے تھے‘ جن میں سے دو کو ابتدائی طور پر ریسکیو کرلیا گیا تاہم ایک مزدور تاحال کان کے اندر پھنسا ہوا ہے۔ جس کیلئے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ معدنیات کا کہنا تھا کہ حادثہ پہلے سے بند کان پر ماہرین کی منظوری کے بغیر کام شروع کرنے کے باعث پیش آیا۔ محکمہ معدنیات کا کہنا ہے کہ کان میں آگ لگنے اور کاربن مانو اکسائڈ گیس جمع ہونے کے باعث انہیں امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ معدنیات کا کہنا ہے کہ پھنسے ہوئے مزدور کے لئے پوری رات ریسکیو کا عمل جاری رہا‘ لیکن کان میں گیس اور آگ لگنے کے باعث ریکسیو کا عملہ نیچے نہیں اتر سکتا۔ کوئلہ کے کان میں درپیش حادثہ پر وزیر معدنیات خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے بھی انکوئری تشکیل دینے کا حکم جاری کیا ہے۔ وزیر معدنیات نے متعلقہ حکام کو کوئلے کی کان کا دورہ کرنے کی ہدایت جاری کیں اور مائنز مالکان پر زور دیا کہ وہ سیفٹی قوانین کی پاسداری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے والے مائنز مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔
تازہ ترین