اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں حکومت کے خلاف آزادی مارچ کے بعد دھرنا جاری ہے۔
آزادی مارچ کی تیرہویں شام کے فضائی مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جے یو آئی کے کارکنا ن و دھرنے کے شرکاء مسلسل تیرہ روز گزر جانے کے باوجود اب بھی پر جوش نظر آرہے ہیں۔
اسلام آباد کے پشاور موڑ پر آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت مخالف تحریک کے دوسرے مرحلے اور آزادی مارچ کے پلان ’بی‘ پر آج سے عمل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آج کارکنوں کو صوبائی جماعتیں پلان ’بی‘ سے آگاہ کردیں گی۔ آزادی مارچ اور یہ دھرنا پلان اے ہے، جو برقرار رہے گا، ہم نے اس کے ہوتے ہوئے پلان بی کی طرف جانا ہے، کارکن تیار رہیں، ہم ایک سے دوسری جگہ جائیں گے، آپ جب پلان بی کی طرف جائیں گے تو میں آپ کے شانہ بشانہ ہوں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے کے ساتھ ساتھ جمعیت علمائے اسلام ف کے آزادی مارچ اور ملکی اور سیاسی صورت حال پر بھی غور کیا گیاتھا۔