کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر اب پاکستان سپر لیگ فائیو میں بھی کوچنگ اسائنمنٹ سے محروم ہوگئے ہیں۔ چار سال کراچی کنگز کی کوچنگ کرنے والے مکی آرتھر کو فرنچائز نے تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کی جگہ ڈین جونز لیں گے۔ پاکستانی کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی کراچی سے کھیلتے ہیں۔ حددرجہ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ڈین جونز کو کراچی کنگز نے ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈین جونز کی تقرری کا اعلان بدھ کو دبئی میں کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل ڈین جونز نے چار سال اسلام آباد یونائیٹڈکی کوچنگ کی تھی اور دو ٹائٹلجتوائے۔ ڈین جونز نے گذشتہ سال مصباح الحق کو کھلاڑی کی حیثیت سے کھلانے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد مصباح الحق نے تین سالہ رفاقت ختم کرکے پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی۔ اب جبکہ ڈین جونز کو فارغ کرکے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کو اسلام آباد کا نیا ہیڈ کوچ بنایا جارہا ہے۔ ڈین جونز اور وسیم اکرم اسلام آباد میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں اب کراچی کنگز کے ساتھ جونز ہیڈ کوچ اور وسیم اکرم ڈائریکٹر ہوں گے جبکہ مکی آرتھر کا کسی بھی فرنچائز کے ساتھ معاہدہ نہ ہوسکا ہے۔پی ایس ایل کے ابتدائی چار سالوں کے دورانکراچی کی ٹیم نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی جبکہ ڈین جونز کا شمار پی ایس ایل کے کامیاب ترین کوچز میں ہوتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کے ساتھ پاکستان کے پاکستان کے بولنگ کوچ وقار یونس کی فرنچائز میں تقرری کا امکان ہے۔ ملتان سلطانز انگلینڈ کے سابق کوچ اینڈریو فلاور کا تقرر کررہی ہے۔ جبکہ کوئٹہ کے ہیڈ کوچ معین خان، پشاور زلمی کے محمد اکرم اور لاہور قلندرز کے عاقب جاوید ہوں گے۔ سابق جنوبی افریقی کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔انہوں نے ورک لوڈکو ہینڈل کرنے اور انجری سے بچنے کے لیے پی ایس ایل میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔