• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگ برنگے پودوں اور تخلیقی آئیڈیاز کے ذریعےگھر کے باغیچے کو ایک نئی زندگی اور تازگی بخشی جاسکتی ہے۔ ماہرین چونکہ باغیچے کو گھر کی خوبصورتی بڑھانے کا ایک اہم ذریعہ تسلیم کرتے ہیں تو بھلا اسے کس طرح نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔ 

باغیچے اور پودوں کی منصوبہ بندی موجودہ حالات میں معاشی اور طبی فوائد کے حوالے سے کئی طرح سے مفید تصور کی جاسکتی ہے۔ چنانچہ ہمارا مشورہ ہے کہ اگر آپ کے گھر میں کوئی بڑی جگہ نہیں ہے تو چھوٹی کیاریوں کی صورت ہی سہی باغبانی کا شوق ضرور پورا کیجیے۔ باغیچہ ایک طرف آپ کے گھر کی رونق اور قدروقیمت میں اضافہ کرے گا تو دوسری طرف آپ کی صحت میں بہتری کا ضامن بھی ثابت ہوگا۔ 

آنے والےسال میں باغیچے کی تعمیر و سجاوٹ کے لیے اگر آپ بھی کچھ تخلیقی آئیڈیاز کے متعلق سوچ بچار میںمصروف ہیں تو ذیل میں درج آئیڈیاز باغیچے کی سجاوٹ اور گھر کے بیرونی حصے کی دلکشی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

آنگن میں رنگین باغیچہ

گھر کے آنگن میں موجود راہگزر کے اِردگرد کی جگہ آپ کے باغیچے کے لیے ایک بہترین انتخاب ہوسکتی ہے۔ اس قسم کےباغیچے کی تیاری کے لیے آپ کو زیادہ محنت درکار نہیں ہوگی۔ راہگزر کے لیے آنگن کا درمیانی حصہ اس طرح منتخب کریں کہ اطراف کی بقیہ جگہ جیومیٹریکل شیپ میں آجائے۔ ان جگہوں پررنگ برنگےپودوں اور دونوں اطراف ایک ایک درخت کا اضافہ آپ کے گارڈن کی وضع کو شاندار انداز فراہم کرے گا۔

سائیڈ واک باغیچہ

سائیڈ واک باغیچے کے لیےکسی بڑی اور مخصوص جگہ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آپ کے گھر کےبیرونی حصے (چاہے وہ پورچ کا حصہ ہو یا پھر صحن) کا کوئی بھی کونا سائیڈ واک باغیچے کے طور پر کام کرسکتا ہے۔ اس باغیچے کی تیاری کے لیے آپ کو ایسے حصے کا انتخاب کرنا ہوگا جو بظاہر راہگز ر میں رکاوٹ نہ بنے۔ 

اس حصے میں سجاوٹی پتھروں اور چھوٹے بڑے گملوں کی مدد سے ایک خوبصورت سائیڈ واک باغیچہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ اس حصے میں تین بڑے پلانٹ کنٹینرز رکھ کر ان میں موسمی پھول سجادیں جبکہ ارد گرد کے حصے کےلیے گھاس اور زیر زمین اُگنے والے پھول پودوں کا انتخاب بھی بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔

پودوں سے بھرا عمودی باغیچہ

دیواروں کو زندہ دلی عطا کرتی ہری بھری دیواروں گھروں کو ایک الگ ہی دلکشی عطا کرتی ہیں۔ لہٰذا جب بھی آپ اپنے گھر کو ایک نیا انداز دینا چاہیں تو دیواروں کی باغیچے کے طور پرسجاوٹ کسی صورت نظر انداز نہ کیجیے گا۔ عمودی باغیچے کی تکمیل کے لیے آپ کو اپنے آنگن میں ایک سادہ سی دیوار کی ضرورت ہوگی، جس پر پودوں کے لیے عمودی پلانٹر لگائے جاسکتے ہیں۔ 

دوسری جانب لمبی سبز خوردنی پھلیوں اور ڈنڈوں کی مدد سے پھولوں کی بیلوں کو افقی طور پر پھلنے پھولنے میں مدد دی جاتی ہے۔ عمودی باغیچے کے کئی فوائد بھی ہیں، یہ کم جگہ گھیرتا ہے اور اسے گھر کے بیرونی حصے کی کسی بھی دیوار کے ساتھ بنایا جاسکتاہے۔ اس کے علاوہ یہ صحت اور ماحول دوست خصوصیات کے سبب ایک بہترین انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔

منی فیری لینڈ

اگر آپ کے گھر میں چھوٹے بچے موجود ہیں تو باغیچے میں ایک چھوٹا سا فیری لینڈ (پرستان) تخلیق کیا جاسکتا ہے، جس کے ذریعے گھرکا بیرونی حصہ ایک بہترین گیمنگ ایریا میں تبدیل ہوجائے گا۔ اپنے باغیچے یا بالکنی کا کچھ حصہ منی فیری لینڈ کے لیے مختص کریں۔ اس حصے میں کسی گملے یا پلانٹ کنٹینر کے ذریعے بچوں کا فیری لینڈ بنائیے۔ دوسری صورت میں باغیچے کی زمین کو مٹی سے بھر کر بھی فیری لینڈ بنایا جاسکتا ہے۔ بچوں کے کھلونے اور خوبصورت چھوٹے پھول پودے اس جگہ کی سجاوٹ میں مددگار ثابت ہوں گے۔

ہارڈ اسکیپنگ

پودوں کے لیے نت نئے پلانٹر کا استعمال کرنے کے علاوہ ہارڈ اسکیپنگ کے لیے فرش یا صحن میں اینٹیں اور پتھر لگاکر آپ اپنے باغیچے کو تخلیقی شکل دے سکتے ہیں۔ گھر کے مرکزی دروازے سے اندر تک جاتی راہگزر کے دونوں کناروں کو پتھروں کے ذریعے چھوٹی سی باؤنڈری وال میں تقسیم کردیں یا پھر پتھروں سے پودوں کے لیے ایک ایسا پلانٹر تعمیر کروائیں، جس میں آپ باغبانی کا شوق پورا کرسکیں۔ اس حصے میں روشنی اور رنگ برنگے پھولوں کا اضافہ آپ کے گھر کے ہارڈ اسکیپنگ ایریا کی ہیئت تبدیل کرنے میں مددگارومعاون ثابت ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین