• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد اقصیٰ کے امام کا پاکستان کا دورہ ،مختلف تقریبات میں شرکت

لندن(پ ر)المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ (یو کے) کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کی دعوت پر مسجد اقصی کے امام و خطیب اور قبلہ اول بیت المقدس کے ڈائریکٹر شیخ عمر فہمی عوض اللہ الکسوانی نے پاکستان کا چار روزہ دورہ کیا جس کے دوران انھوں نے راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں تقریبات میں شرکت کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں اور فلاحی منصوبوں کے دورے کئے۔ امام بیت المقدس اتوار تین نومبرکی صبح فلسطین سے اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچے تو وہاں المصطفیٰ ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے وفد کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر نواز کھرل، حامد رضا، محمد نعیم سمیت دیگر شخصیات بھی ایئر پورٹ پر موجود تھیں۔ اسی شام اولپنڈی میں ایوان صنعت و تجارت کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا جس کے مہمان خصو صی جماعت اہلسنت کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔بیت المقدس کے امام قومی اسمبلی کے سابق رکن اور پاکستان بیت المال کے سابق سربراہ زمرد خان کی دعوت پر یتیم اور بے سہارا بچوں کے ادارے سویٹ ہوم بھی گئے اور زمرد خان کے گھر کھانے میں شریک ہوئے۔انھوں نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ راولپنڈی کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں بھی شرکت کی جہاں آمد پر طلبا، اساتذہ اور علما کرام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ تقریب کے دوران درس نظامی مکمل کرنے والے پنتالیس طلبا کواسناد بھی دی گئیں۔امام بیت المقدس تیسرے دن کراچی روانہ ہوگئے جہاں المصطفیٰ کے بانی حاجی حنیف طیب ان کے میزبان تھے۔ اس موقع پر انھوں نے المصطفیٰ میڈیکل سنٹر گلشن اقبال میں غریب اور مستحق مریضوں کے لئے علاج کی سہولیات کا معائنہ اور مریضوں سے ملاقاتیں کیں جبکہ اس موقع پر المصطفیٰ کے ٹرسٹیز سے تفصیلی نشست کا اہمتمام بھی کیا گیا۔ میمن فیڈریشن کی دعوت پر رات میمن ہائوس میں عشائیہ دیا گیا جس میں میمن برادری کی معاشی ترقی کے لئے خدمات سے آگاہ کیا گیا۔امام بیت المقدس کراچی کا دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچے جہاں انھوں نے انتہائی مصروف دن گزارا۔ لاہور ائیر پورٹ آمد پر ان کا شاندار اسقبال ہوا جس کے بعد گورنر ہائوس میں گورنر چودھری محمد سرورسے ملاقات کی۔ اس موقع پر المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد، پروفیسر ندیم اشرفی، عبدالرشید ارشد، نواز کھرل سمیت دیگر موجود تھے۔گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کازکی حمایت کی ہے۔ملاقات کے بعد گورنر کی جانب سے امام بیت القدس کو یادگاری تحائف بھی دئیے گئے۔ امام بیت المقدس نے داتا دربار میں نماز مغرب کی امامت کرائی جہاں صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے استقبال کیا، شیخ عمر فہمی نے داتا دربار میں اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام پاکستان سے بے حد محبت کر تے ہیں، المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی، انھوں نے حضرت داتا دربار کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور زائرین میں گھل مل گئے۔ امام بیت المقدس شیخ عمر فہمی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا جس میں مذہبی، سیاسی، روحانی شخصیات سمیت مختلف مکاتب فکر کی نمایاں شخصیات موجود تھیں، تقریب کی صدارت علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کی جبکہ سابق وزیر مملکت پیر امین الحسنات شاہ، صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ، ایثار رانا،ارشاد احمد عارف، سید مصطفی اشرف رضوی، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، پنجاب اسمبلی کے رکن پیر جلیل احمد شرقپوری، اے ٹی آئی کے مرکزی صدر معظم اقبال ساہی، داتا دربار مذہبی أمور کمیٹی کے چیئرمین اور پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان سمیت معززین شہر، علما، مشائخ اور صحافیوں سمیت ہر مکتبہ فکر کی شخصیات کثیر تعداد میں شریک ہوئیں۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ عمر فہمی نے کہا کہ فلسطین کے مسلمان بھی اہلِ بیت اورصحابہ کرام کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں۔پاکستان کے علما خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انھیں علم کی وراثت عطا کی ہے، بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے جسے بہت فضیلت حاصل ہے، مکہ معظمہ سے ہجرت کے بعد مسلمان سترہ ماہ تک مسجد اقصی کی طرف نماز پڑھتے رہے۔حضور اکرم ؐمعراج کے سفر پر یہاں سے روانہ ہوئے اور اسی جگہ سے مسلمانوں کو پچاس کے بجائے پانچ نمازوں کا تحفہ دیا گیا، امام بیت المقدس نے کہا کہ مسجد اقصی کی آزادی کی بشارت دیتا ہوں۔ جماعت اہلسنت پاکستان کے سابق مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے تقریر میں کہا کہ فلسطین کے مسلمان تڑپ رہے ہیں، جب اسرائیل نے مسجد اقصی پر ناجائز قبضہ کیا تو شیخ عمر فہمی نے اپنے ہاتھوں سے اسرائیلی کیمرے توڑے اور اپنے جسم پر ایک سو زخم برداشت کئے، انھیں مسجد اقصیٰ میں سترہ دن قید بھی رکھا گیا لیکن انھوں نے ان مظالم کا مقابلہ کیا۔ اللہ تعالیٰ فلسطین کے مسلمانوں کو آزادی نصیب فرمائے، شیخ عمر فہمی پاکستان کا چار روزہ دورہ مکمل کر کے لاہور سے ملائیشیا روانہ ہو گئے۔
تازہ ترین