• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عموماً گھروں میں برآمدہ (ہال وے) خالی پڑا رہتا ہے لیکن اگر تخلیقی انداز سے اس کو دلکش اور دیدہ زیب بنالیا جائے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔ گھر کے اس حصے میں تو سادہ دیوار بھی بہترین انتخاب ثابت ہوتی ہے، جس کے ساتھ بچھا خوبصورت ڈیزائن والا رنگین کارپٹ، چند ایک کرسیاں اور خوبصورت آرکیٹیکچر اس کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہوئے ایک سادہ سے برآمدے میں بھی جان ڈال سکتے ہیں۔ اگر دیوار پر ایک ہی سائز کے فریمز ترتیب سےلگا دیے جائیں تو یہ بھی متاثر کن برآمدہ سامنے لا سکتے ہیں ۔

چھوٹا برآمدہ

ایک چھوٹے کارنر ہال وے میں زندگی سے بھرپور روشن وال پیپر ز، اس جگہ کے لحاظ سے موزوں رہیں گے جبکہ بنیادی فرنیچر، ایک آئینہ، لیمپ اور کچھ شو پیس بھی اسے لاجواب بناسکتے ہیں۔

چاک بورڈ

آپ ہال وے کی دیوار کو بلیک بور ڈ کی طرح بناکر اس پر ہر روز چاک سے کئی تخلیقی نمونے بھی بنا سکتے ہیں۔ بچوں کیلئے تو یہ آئیڈیا بہت اچھوتا اور دلچسپی سے بھرپور ر ہے گااور وہ گھر کی دیگر دیواروں کو گندا کرنے کےبجائے اسی چاک بورڈ پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے رہیں گے۔ ان کی تخلیقی صلاحیتیں نہ صرف اُبھریں گی بلکہ وہ بہت اچھی بھی لگیں گی۔

آپ برآمدے کی پوری دیوار کو بلیک بورڈ بنانے کے بجائے ایک حصے پر بلیک بورڈ اور باقی پر شیلف لگالیں تو اس سے ایک پنتھ دو کاج کا محاورہ سچ ثابت ہو سکتاہے۔ دیواروں پر ایستادہ شیلف اسٹائلش بھی نظر آئیں گے اور آپ کے لیے فائدہ مند بھی رہیں گے۔ آ پ اس میں اپنی من پسند کتابیں رکھیں اور بچے چاک بورڈ سے اپنا دل بہلاتے رہیں۔

بک شیلف

کتابوں کیلئے بک شیلف رکھنے اور دیگر اشیا جیسے کہ تصویریں وغیرہ دیواروں پر لگانے سے نہ صرف برآمدے کو زبردست انداز دیا جاسکتا ہے بلکہ اس طرح اسے کارآمد بھی بنایا جاسکتا ہے، بصورت دیگر گھر کا یہ حصہ کسی کام میں نہیں آئے گا۔

فوٹو بوتھ

یہ بھی فوٹو گیلری جیساہی ہے لیکن اس میں تصویریں کسی فوٹو بوتھ کی طرح اوپر سے نیچے یعنی عمودی طرز پر لگی ہوتی ہیں۔ یہ اسٹائل عموماً تنگ یا چھوٹے برآمدے کیلئے بہترین ہوتا ہے۔ جگہ کم ہونے کے باعث الگ الگ تصاویر لگانے کے بجائے ان کا خوبصورت کولاج (Collage) بنایا جاسکتاہے۔

فو ٹو گیلری

یہ اسٹائل آپ کو بیشتر گھروں میں نظر آئے گا۔ اپنی یادو ں کو فوٹو کی شکل دے کر آپ اسے خوبصورت فریمز میں قید کرکےبرآمدے کی دیواروں پر سجائیں گے تو یہاں سے گزرنے والے ایک پل کو ضرور ٹھہرکر دیکھیں گے اور داد دیئے بنا نہیں رہ سکیں گے۔ ہو سکتاہے جیسے آرٹ ورک کی نمائش ہوتی ہے، ویسے ہی گھر آئے مہمان یہاںکچھ وقت گزاریں اور آپ کے بیتے لمحوں کے بارےمیں دلچسپی لیں۔

چھوٹا سٹنگ ایریا

اکثر آپ نے ریسٹورینٹس میں دوکرسیاں اور ایک میز لگی دیکھی ہوگی۔ آ پ بھی اپنے برآمدے میں ایساہی انتظام کرسکتے ہیں، جہاںدو لوگ آمنے سامنے بیٹھ کر چائے پی سکیں، اخبار پڑھ سکیں، بات چیک کرسکیں یا پھر سامنے دیوار پر لگی تصاویر پر تبصرہ کرسکیں۔

لکڑی کے تختے

برآمدے کی دیواروں کی سجاوٹ کے ساتھ اگر اس کا فرش لکڑی کا بنادیا جائے تو یہ بے مثال خوبصورتی پیدا کرتاہے۔ لکڑی کے فرش کے ساتھ لکڑی کے ہی بنے فوٹو فریمز ایک عمدہ خیال ثابت ہو سکتے ہیں۔ اینٹیک رنگ اور لکڑی کی گرماہٹ سے برآمدہ پر سکون اور آرام دہ محسوس ہو سکتاہے۔

بڑے فریمز

برآمدے کی دیوار پر بڑے بڑے فریمز لگا کر ان میں چھوٹے سائز کا آرٹ ورک لگانا بھی ایک نیا آرٹ سامنے لاتاہے۔ تنگ جگہ یا چھوٹے ہالز کو آئینوں سے سجا کروسیع دکھایا جاسکتاہے۔

بلیک اینڈ وائٹ

اگر آپ کے برآمدے کی دیواریں بالکل سفید ہیں تو یہاں آپ جو بھی آرٹ ورک یا فریمز لگائیں گے، وہ اگر سیاہ ہوں تو یہ ایک منفرد اسٹائل سامنے لاتاہے اوریہاں سے گزرنے والا متوجہ ہوئے بنا نہیں رہ سکتا۔

کپڑے سے کور کی ہوئی دیواریں

دیواروں کو رنگین اور پھولوں والے کپڑے سے کور کردیا جائے تو یہ برآمدے میں وال پیپرز والا ہی تاثر پیش کرے گا۔ آپ اپنی پسند کے پھولوںاور رنگوں والے کپڑے کا انتخاب کرکے ایک عام سے برآمدے کو بھی خاص بنا سکتے ہیں۔ خوبصورت پھولوں والے کپڑے سے ڈھکے برآمدے میں آپ کو لگے گا کہ آپ کسی باغ میں چہل قدمی کررہے ہیں۔

تازہ ترین