• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام انتخابات 2019: میٹ پولیس کا انتخابی فراڈ کے دعوؤں کا جائزہ

لندن (نیوز ڈیسک) نائجل فراج کی جانب سے یہ الزام عائد کئے جانے کے بعد میٹ پولیس انتخابی فراڈ کے ان دعوئوں کا جائزہ لے رہی ہے کہ بریگزٹ پارٹی کی سینئر شخصیات کو عام انتخابات سے دستبردار ہونے پر اعلیٰ رتبوں کی پیش کش کی گئی تھی۔ انڈی پینڈنٹ کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ رشوت کے مضبوط دعوئوں کا جائزہ لے رہا ہے، کیونکہ سابق لارڈ چانسلر نے ’’استثنائی سنجیدہ الزامات‘‘ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ بورس جانسن کو انتخابی فراڈ کے الزامات پر پولیس انکوائری کا سامنا ہے۔ ان پر یہ الزامات عائد کئے گئے تھے کہ بریگزٹ پارٹی کی سینئر شخصیات کو اگلے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے پر آمادہ کرنے کیلئے اعلیٰ ترین رتبوں کی پیش کش کی گئی تھی۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ نائجل فراج کی جانب سے یہ دعوے سامنے آنے کے بعد وہ ان الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ انہیں اور پارٹی کی دیگر آٹھ شخصیات کو ہائوس آف لارڈ میں جگہ دینے کی پیش کش کی گئی تھی۔ یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب سابق لارڈ چانسلر نے میٹروپولیٹن پولیس کے سربراہ اور ڈائریکٹر پبلک پراسیکیوشن کو لکھے گئے خطوط میں ان سے ’’استثنائی سنجیدہ الزامات‘‘ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ٹونی بلیئر کی حکومت میں کردار ادا کرنے والے لارڈ فالکنر نے لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ الزامات آئندہ ہونے والے عام انتخابات کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھائیں گے کہ کیا سی سی ایچ کیو (کنزرویٹیو کمپین ہیڈکوارٹر) یا نمبر 10 نے پیپل ایکٹ 1983 کی نگارشات کی خلاف ورزی کی ہے؟ میٹروپولیٹن پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایم پیز کو عام انتخابات 2019 میں فراڈ اور دھاندلی کے دو الزامات موصول ہوئے تھے۔ ادھر کیبنٹ آفس منسٹر مائیکل گوو نے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ لارڈ فالکنر کے الزامات’’انتہائی احمقانہ‘‘ ہیں۔ انہوں نے سابق ٹوری وزیر این وڈرکومب کے الزامات مسترد کر دیئے جو کہ اب بریگزٹ پارٹی کی امیدوار ہیں۔ بی بی سی 4 کے ٹوڈے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر گوو نے کہا کہ انہوں نے کئی ماہ سے محترمہ این سے ملاقات نہیں کی اور نہ ہی میں کسی ایسے شخص کو جانتا ہوں جس نے ان سے ملاقات کی ہو۔

تازہ ترین