کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کلب روڈ اور عبداللہ ہارون روڈ سگنل پر50سال سے زائد پرانی 54انچ قطر کی سیوریج لائن ایک بار پھر نئے مقام پر دھنس گئی ایک ماہ کے دوران یہ لائن تیسری مرتبہ بیٹھی ہے ہوٹل میٹرو پول کی اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی دن بھر متاثر ہوئی جبکہ شام کو ایک قوم پرست پارٹی کے فوارہ چوک پر مظاہرے کے دوران ٹریفک شدید جام رہا۔تفصیلات کے مطابق کلب روڈ کے قریب واٹربورڈ کی 50سال سے زائد پرانی 54انچ قطر کی سیوریج لائن ہفتہ کی دوپہر دھنس گئی ،ایم ڈی واٹربورڈنے اطلاع ملتے ہی متاثرہ لائن کا معائنہ کیا اور واٹربورڈ کے انجینئرز اور افسران کو جنگی بنیادوں پر متاثرہ لائن کی تبدیلی کے احکامات جاری کیئے ان احکامات کی تکمیل کرتے ہوئے واٹربورڈ نے فوری طورپر ماہرانجینئرز،تربیت یافتہ عملہ اور بھاری مشینری لائن دھنسنے کے مقام پرپہنچاکر لائن کی تبدیلی کا کام بلاتاخیر شروع کردیا،علاوہ ازیں اتوار کو وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے متاثرہ لائن کا معائنہ کیا اور جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکیا انہوں واٹربورڈ کے متعلقہ انجینئرزاورعملے کو ضروری ہدایات بھی دیں ،مزید برآں واٹربورڈ کے عملے نے لیاری جونا مسجد روڈ پانی کی 160ایم ایم لائن تبدیل کرکے پانی کی فراہمی بہتر بنادی ،واٹربورڈ فیڈرل ٹرنک مین کے عملے نے لیاقت آبادبھورے خان کے مقام پر 24انچ قطر کی پائپ لائن کی مرمت کرکے پانی کا ضیاع روک دیا،چوہدری خلیق الزاماںروڈ کلفٹن بلاک 9میں18انچ قطر کی لائن کے لیکیجز کا خاتمہ کیا گیا۔