• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پورے کیریئر میں ایک بھی ایوارڈ نہیں ملا‘

نامور اداکارہ ماورا حسین نے پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کو بے شمار کامیاب ڈرامے اور فلمیں دی ہیں اور نا صرف یہ بلکہ بالی ووڈ میں بھی اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں لیکن انہیں پورے کیریئر میں ایک بھی ایوارڈ نہیں ملا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ماروا حسین نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ متعدد مرتبہ ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے کے باوجود انہیں آج تک ایک بھی ایوارڈ اس لیے نہیں ملا کیونکہ ’شاید خدا چاہتا ہے کہ میں ابھی اور محنت کروں۔‘

  ماورا حسین


دوران انٹرویو ایک سوال کے جواب میں ماروا حسین نے کہا کہ اُن کے لیے ڈرامہ اور فلم میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ممکن نہیں ہے لیکن چونکہ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز ڈراموں سے کیا ہے اس لیے وہ ڈرامہ کبھی نہیں چھوڑ سکتیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں فلم کے گانے شوٹ کرنے میں بہت مزہ آتا ہےکیونکہ وہ باقی سب سے مختلف ہوتے ہیں۔

ماروا حسین نے مزید بتایا کہ ان کی دو فلمیں آئندہ سال ریلیز ہوں گی جن کی شوٹنگ ابھی شروع نہیں ہوئی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کررہی تھیں جس کے باعث انہوں نے بہت سے ڈرامے اور فلمیں نہیں کیں لیکن اب وہ اپنی تعلیم مکمل کرچکی ہیں لہذا اپنا پورا وقت اداکاری کو دیں گی۔

ماورا نے بالی ووڈ میں کام کرنے کے تجربے کےحوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ اور لالی ووڈ میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ ہوسکتا ہے کہ باہر سے دیکھنے پر لوگوں کو لگتا ہےکہ بالی ووڈ بہت بڑی صنعت ہے لیکن کام تو کام ہوتا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ہی سے عالمی امن کی خواہاں رہی ہیں۔ ’یہ دنیا ہی ہمارا گھر ہے، یہ زندگی بہت چھوٹی سی ہے اور اسے ہنسی خوشی غیر سیاسی انداز میں گزارنا چاہیے۔‘

آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بڑی بہن اداکارہ عروہ حسین کے ساتھ مل کر کپڑے ڈیزائن کر رہی ہیں اور جلد ہی ان کی موسم سرما کی کلیکشن منظر عام پر آ جائے گی۔

ماورا کے کامیاب ڈراموں میں ’اک تمنا لاحاصل سی، میں گنہگار نہیں، مریم، سمی، آنگن، داسی اور دیگر شامل ہیں جبکہ انہوں نے فلم ’جوانی پھر نہیں آنی2‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

اس کے علاوہ ماورا حسین نے 2016 میں بالی ووڈ فلم’صنم تیری قسم‘میں مرکزی کردار اداکیا تھا جس میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا تھا۔

تازہ ترین