پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ ایک کو ریلیف دینے پر صوبائی تعصب اجاگر ہوگا، مجھے سندھ سے فون آرہے ہیں کہ نواز شریف پنجابی ہے تو اسے باہر بھیج رہے ہیں، اگر سندھی ہوتا تو نہ بھیجتے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف کے معاملے میں ہائیکورٹ کے فیصلے کو درست سمجھتا ہوں، تاہم لاہور ہائیکورٹ سپریم کورٹ کے فیصلوں کا تابع ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ میاں صاحب کے بیٹے، سمدھی اور بھتیجا بھی مفرور ہیں، اب میاں صاحب خود بھی جا رہے ہیں اور مریم کو اکیلے چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کا حمایتی نہیں ہوں، لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ درست کیا مگر سارے میڈیا کا دھیان بیماری تھا۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ میرا لہجہ پی ٹی آئی والا نہیں ہے، میرے جعلی ٹویٹ پیغام بنائے جارہے ہیں اور پی ٹی آئی والے میرے جھوٹے پیغام سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ آصف زرادری کا کیس کراچی میں سنا جانا چاہیے، مگر ان کا کیس اسلام آباد میں سنا جا رہا ہے، زرداری صاحب کے کیس کی سماعت فی الفور کراچی منتقل کی جائے۔
اعتزاز احسن نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری نے ضمانت کی درخواست دینے سے قمر زمان کائرہ کو روک دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضمانت کا مطلب ہے کہ آئندہ تاریخ پر عدالتی حاضری یقینی بنائی جائے، ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنا اورنہ ڈالنا حکومت کا کام ہے۔