• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن عوامی فلاح کیلئے حکومت کا ساتھ دے،چوہدری محمد شریف

کوونٹری (نمائندہ جنگ) چوہدری محمد شریف نے کشمیری کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قانون سازی کے ذریعے عوام کے مسائل کو حل کرنا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن ذاتی مفادات کی تکمیل چاہتی ہے اور کرپشن زدہ قیادت کو بچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایوان میں اپنی کرپشن پر سیاست چمکانے کی بجائے عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے حکومت کا ساتھ دے عوام نے انہیں اپنے مسائل حل کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں عوام کو بھول کر اپنے آقاؤں کی چاپلوسی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام آئین، قانون کی بالادستی، اداروں کی مضبوطی اور انہیں بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ کرپشن کا خاتمہ ہے، عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے۔وزیر اعظم عمران خان ایک سچے محب وطن شخصیت ہیں جو ملک میں ترقی کا انقلاب لانا چاہتے ہیں عوام ثابت قدم رہیں تحریک انصاف کی حکومت کو وقت دیں اور اپنے قائدعمران خان پر مکمل اعتماد کریں میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ترقی کرے گا بے روزگاری ختم ہو گی۔ چوہدری محمد شریف نمبردار نے کہا کہ اوورسیز اپنے ملک کیلئے آگے بڑھیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ حکومت انھیں سہولیات فراہم کرے گی اور ان کے ساتھ تعاون کرے گی پاکستان اوورسیز کمیونٹی کا اپنا ملک ہے جھاں ترقی کے راستے موجود ہیں صرف محنت کی ضرورت ہے اورسیز آگے بڑھیں اور ترقی کرنے کے لیے حکومت کا ہاتھ بٹائیں چوہدری شریف نمبردار نے اس موقع پر کوونٹری کی نامور شخصیت حاجی مبارک کیانی سے خصوصی ملاقات بھی کی۔
تازہ ترین