• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچ گئے


سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچ گئے، شہباز شریف بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

نواز شریف کی ایون فیلڈ اپارٹمنٹس آمد پر بڑی تعداد میں موجود مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق لندن میں نوازشریف اپنے صاحبزادے حسن نواز کے گھر پر خصوصی طور پر تیار کردہ کمرے میں آج آرام کریں گے جبکہ ان کا طبی معائنہ بدھ کی صبح ہارلے اسٹریٹ کلینک میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ہارلے اسٹریٹ کلینک میں پلیٹ لیٹس کے ماہرین نواز شریف کا معائنہ کریں گے ، اس دوران امریکا کے طبی ماہرین سے بھی مشاورت کی جائے گی، طبیعت میں بہتری نہ آنے کی صورت میں انہیں فوری طور پر امریکا بھی منتقل کیا جاسکتا ہے۔

نواز شریف قطری ایئر بس میں لاہور سے براستہ دوحا لندن کے لیے آج صبح تقریباً ساڑھے 10 بجے روانہ ہوئے تھے۔

نوازشریف دل، ہائی بلڈ پریشر، شوگراور گردوں سمیت دیگر عارضوں میں مبتلا ہیں، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد وزارت داخلہ نے نواز شریف کو ایک بار کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، تاہم نوازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا۔

تازہ ترین