• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبحان احمد پی سی بی میں بے اختیار،ستارہ گردش میں آگیا

ابوظبی (نمائندہ خصوصی) سالہا سال سے پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاہ اور سفید کے مالک سبحان احمد کا ستارہ اس وقت گردش میں ہے۔ وہ سی ای او وسیم خان سے اختلافات کی وجہ سے مسلسل چھٹیوں پر ہیں اور لاہور میں ہونے کے باوجود دفتر آنے سے گریز کررہے ہیں۔ وسیم خان کے چیف ایگزیکٹیو بننے کے بعد چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد عملاً بے بس اور بے اختیار ہوگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے ایک بار پھر چھٹیاں بڑھالی ہیں۔ احسان مانی لندن اور وسیم خان آسٹریلیا میں ہیں۔ سبحان احمد دوبار اپنی ایک ایک ہفتے کی چھٹی پہلے بھی بڑھا چکے ہیں۔ بحرانی صورتحال میں پی سی بی کے تین اعلی عہدیدار ہیڈ کواٹرز میں موجود نہیں ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی بدھ کو دفتر آئیں گے ۔ چیف ایگزیکٹو وسیم خان کرکٹ آسٹریلیا حکام سے ملاقاتوں اور ٹیسٹ سیریز کےلیے آسٹریلیا کے طویل دورے پر ہیں۔ کئی دنوں سےکرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیاناختلافات کی خبریں پی سی بی ہیڈ کوارٹر کی راہداریوں میں گردش کر رہی ہیں ۔ باخبر لوگ دعویٰ کررہے ہیں وسیم خان اور سبحان احمد کے درمیان میں اختلافات پیدا ہو چکے ہیں ۔ وسیم خان ، سبحان احمد کو گھر رخصت کرنا چاہتے ہیں۔ 28 سال پہلےکراچی میں کمپیوٹر انالسٹ سے کیریئر شروع کرنے والے سبحان احمد سیڑھیاں چڑھتے ہوئے بورڈ میں چیف آپریٹنگ آفیسر بن گئے اور مبینہ طور پر لاہور میں کئی جائیدادوں کے مالک ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افسر شاہی کے مخصوص انداز میں کام کرنے والےسبحان احمد اعلیٰ حکام سے اختلاف کے باعث دفتر نہیں آرہے ہیں۔ جمعے کو لاہور میں گورننگ بورڈ کے اجلاس میں انتظامی امور کے حوالے سےبات کا امکان ہے۔ توقع ہے یہ میٹنگ سبحان احمد کے مستقبل کا بھی فیصلہ کرے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سبحان احمد کی موجودگی میں وسیم خان سمجھتے ہیں کہ انہیں فری ہینڈ نہیں مل سکتا ،جو وہ چاہتے ہیں۔ بورڈ کی اہم دستاویز کو میڈیا میں آنے کا ذمے دار بھی سبحان احمد کو قرار دیا جارہا ہے ۔ ان کو بورڈ سے ہٹانے کے لئے وائٹ پیپر تیار کیا جارہا ہے۔ لیکن ابھی تک سبحان کے معاملے میں احسان مانی ڈبل مائنڈیڈ لگتے ہیں۔
تازہ ترین