• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

حکومت کی جڑیں کٹ چکیں، دن گنتے جاؤ، اسلام آباد نہ ایسے گئے اور نہ ایسے ہی واپس آئے، فضل الرحمٰن

اسلام آباد نہ ایسے گئے اور نہ ایسے ہی واپس آئے، فضل الرحمٰن


بنوں(نمائندہ جنگ ) جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی جمہوریت اورآئین کے تحفظ کے لئے نکلے ہیں ،حکومت کی جڑیں کٹ گئیں اور چولیں بل گئیں، اب دن گنتے جاؤ ہم اسلام آباد ایسے گئے نہ ہی ویسے آئے۔

انڈس ہائی وے بنوں چوک کے مقام پر دھرنے کے دوران عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس گالیوں کے علاوہ کچھ نہیں، آؤ میرے اوراپنے والد کے کردار کا بھی مقابلہ کرو، تمھاری پارٹی کے لوگ حساب مانگتے ہیں، تم حساب نہیں دیتے، ہم میدان میں کھڑے ہیں اداروں کے پیچھے چھپنے والے نہیں، حکمرانوں کے پاس مخالفین کو سربازار گالی دینے کے سوا کچھ نہیں رہ گیا، ان حکمرانوں کا کوئی نظریہ نہیں۔ 

قوم کودوبارہ الیکشن کی طرف جانا ہوگا، عوام کا ووٹ چوری کرکے حکومت چلانے کی اجازت نہیں دے سکتے، ان باتوں سے حکومتیں نہیں چلتیں، شاہراہیں بند ہوتی ہیں تو لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے، مجھے احساس ہے لیکن ہم ملک کے تحفظ کے لیے نکلے ہیں، کارکن اگلے فیصلے تک انتظار کریں، اس موقع پر ایم این اے زاہد اکرم خان درانی اور سابق تحصیل ناظم انجینئر ملک احسان خان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران کہتے تھے کہ پاکستان کے 200 ارب ڈالر باہر کے ملکوں میں پڑے ہیں اب بیان دیا کوئی پیسہ باہر نہیں پڑا ہے جس کی تائید چیئرمین ایف بی آ ر نے بھی کی ہے اور بیان دیا ہے کہ کوئی پیسہ باہر نہیں گیا ہے ہوا یوں کہ سلائی مشین سے70 ارب روپے کمانے والی اپنی ہی بہن کو ایمنسٹی اسکیم کے تحت این آر او دیا۔

ایسی سلائی مشین ہمیں بھی دے دیں تاکہ ہم بھی ایک سال میں اربوں کما سکیں، عجیب چور ہے، چور مچائے شور، اتنا بڑا چور دوسروں کو چور کہتا ہے، سب کو چور کہنے والا آج کیا منہ دکھائے گا۔

تازہ ترین