• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیگرنٹس کونسل بارسلونا کے زیراہتمام تارکین وطن کی ثقافتوں پر مشتمل میلے کا انعقاد

بارسلونا(جواد چیمہ)بارسلونا ایک ملٹی کلچرل شہر ہونے کی وجہ سے یورپ سمیت دنیا بھر کے سیاحوں کا مرکز ہے۔ یہاں پر آئے روز میلوں اور مقامی ثقافتی دنوں کو شاندار انداز میں منایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز امیگرنٹس کونسل بارسلونا کے زیر اہتمام بارسلونا میں مقیم تارکین وطن کی مختلف ثقافتوں کے حوالہ سے میلہ کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی ورکر یونین کے ساتھ ساتھ مراکش اور لاطینی امریکہ کے ممالک کے ثقافتی،کھانوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے اسٹال لگائے گئے۔اسٹالز پر ہر ملک کے باشندوں نے اپنے اپنے ملک کی ثقافت کی نمائندگی کرتےہوئے ان اشیا کی نمائش کی جو ان کی ثقافت کا اہم جزو ہے اور دنیا میں معروف ہے۔ کھانے کے اسٹال کے علاوہ دستکاری، ہاتھوں سے بنے ہوئے کھلونوں، کتابوں اور ملکی ثقافت و ادب کے حوالہ سے تصاویر اور لٹریچر رکھا گیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے پاکستانی ورکر یونین کا اسٹال بھی لگایاگیا تھا جہاں پررکھی گئی ثقافتی اشیا میں شرکا نے گہری دلچسی لی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی در ج کیے اسٹال پر پاکستان اور تارکین وطن پاکستانیوں کی بہبود کا لٹریچر اور اردو کاتالان ڈکشنری اور پاکستان کی مختلف تصاویر کے ذریعے منظر کشی بھی کی گئی تھی۔ مختلف ممالک کے ثقافتی رنگوں میں میوزک کا رنگ سب سے گہرا دکھائی دیا، افریقی اور لاطین امریکہ کے باشندوں نے اپنی موسیقی اور ڈانس پیش کر کے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

تازہ ترین