• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرخ حبیب کا پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) پر منی لانڈرنگ کا الزام

وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) جیسی تین تین بار حکومتیں کرنے والی جماعتوں نے امریکا اور برطانیہ میں کمپنیاں کھول رکھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیٹیکل پارٹی آرڈیننس (پی پی او) کے تحت کوئی سیاسی جماعت غیر ملکی فنڈز نہیں لے سکتی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے جماعتوں کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا۔

پارلیمانی سیکریٹری نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق اپنی تمام تر دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کروادی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کر چکے ہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا ریکارڈ بھی منگوایا جائے۔

فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اپنی درخواست الیکشن کمیشن کو دی ہے کہ ان کے کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں سے یکساں سلوک کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی جماعت پر پابندی لگائے جانے کا تاثر دینا بالکل غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق درخواست 2017 میں دائر کی تھی۔ 

تازہ ترین