• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن ارکان کو جیل میں بندکرنے کے باوجود پر فارمنس زیرو ہے ، حمزہ شہباز

اپوزیشن ارکان کو جیل میں بندکرنے کے باوجود پر فارمنس زیرو ہے ، حمزہ شہباز


مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ آپ نے اپوزیشن کےتمام لوگوں کو جیل میں بند کردیا، اس کےباوجود پرفارمنس زیرو ہے، بلکہ منفی ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر طبقہ معیشت کا رونا رو رہا ہے، حکومت کے لچھن یہی رہے تو معاشی ، سیاسی طور پر ناقابل تلافی نقصان اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک کنٹینر کی سیاست اور جھوٹ ان کا وطیرہ ہے ،یہ جھوٹ کا ٹائی ٹینک ہے جو زمین بوس ہوگا ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ میں پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنکی دعاؤں سے میاں صاحب کا علاج جاری ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ 14 ماہ ہو گئے ہیں میری ایک ہی بات ہے اگر یہ حکومت ن لیگ کی نسبت 25 فی صد بھی پرفارم کر جائے تو شاباش دوں گا، آج بھٹے کے مزدوڈیلی ویجز ملازمین ،سفید پوش طبقہ اور تاجر برادری معیشت کا رونا رو رہے ہیں جبکہ 14 ماہ میں سبزیاں، پھل اور ادویات کی قیمت 6 گنا بڑھ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو تشویش ہے کہ اگر حکومت اسی طرح جاری رہی تو ہم مزید سیاسی گرداب میں پھنسیں گےحکومت کی طرف سے قوم کو جو توقعات اور سبز باغ دکھائے گئے وہ بجلی ا ور گیس کے بلوں کی صورت میں بم بن کر برسے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ہر چیز کا منطقی انجام ہوتا ہے لیکن ان سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی، انہیں ٹماٹر کے ریٹ کا پتا نہیں، عوام سے پوچھیں ٹماٹر کی قیمت کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی سی پیک کی مخالفت کرتی تھی اور آج نواز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگاتی ہے،ہم نے ڈینگی کنٹرول کیا مگر اب صورتحال مختلف ہے۔

تازہ ترین