• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا اور چین کی کشیدگی ختم نہ ہوئی تو جنگ عظیم سے زیادہ تباہ کن صورتحال پیدا ہوگی، ہنری کسنجر

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کے سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے خبردار کیا ہے کہ اگر چین اور امریکا کے درمیان مخالفانہ اقدامات کا سلسلہ ایسے ہی جاری رہا تو پہلی جنگ عظیم سے بھی زیادہ تباہ کن صورتحال جنم لے سکتی ہے۔ نیو اکانومی فورم سے خطاب کرتے ہوئے سابق سفارت کار اور متنازع مفکر نے بتایا کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی صرف اسی صورت ختم ہو سکتی ہے جب دونوں ممالک اپنے اختلافات دور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی دیر نہیں ہوئی تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ تباہی کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان کشیدگی ختم ہو، اگر تنازع ایسے ہی بلا روک ٹوک جاری رہا تو ہمیں ایسی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا جو یورپ میں آنے والی تباہی سے بھی زیادہ خراب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی جنگ عظیم اس لئے لگی تھی کہ ایک معمولی بحران کو حل نہیں کیا جا سکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات ہوں تو اس سے وسیع ترین تعاون کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی نوعیت کے مذاکرات سے شروعات کی جائے تو اس سے سیاسی مباحثوں کا آغاز بھی ممکن ہے۔
تازہ ترین