• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیادت منی لانڈرنگ میں ملوث ہوگی تو پارٹی کیسے چلے گی،اکبر ایس بابر

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے الزام لگایا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کی قیادت غیر ملکی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہوگی تو پارٹی کیسے چلے گی۔ وزیراعظم کے دستخط سے امریکہ میں دو کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جن کی نشاندہی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2011 میں وزیراعظم عمران خان کو فنڈنگ کے معاملے پر خط لکھا گیا اور 2013 کے انتخابات کے دوران فنڈنگ پر تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن تحقیقات کے بجائے آڈٹ کرایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کے ثبوت بھی پیش کیے جن میں امریکی وزارت قانون کی طرف سے فراہم کردہ شواہد بھی شامل تھے۔اکبر ایس بابر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دستخط سے امریکہ میں دو کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جن کی نشاندہی بہت پہلے کر دی تھی لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔پارٹی رکنیت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میں آج بھی پارٹی کا رکن ہوں، مجھے پارٹی سے نکالنے کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ میرا مقصد پاکستان تحریک انصاف کو ختم کرنے کا کبھی بھی نہیں رہا اور نہ ابھی ہے، میرا مقصد پاکستان تحریک انصاف کو ایک ادارہ بنانے کا ہے۔ پارٹی جن اصولوں کی بنیاد پر آئی ہے انہیں ساتھ لے کر چلے، میں پی ٹی آئی کو گرانے نہیں بلکہ بنناے والوں میں شامل ہوں۔

تازہ ترین