• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، پولیس تشدد کا شکار ملزم اسپتال میں دم توڑ گیا

کراچی، پولیس تشدد کا شکار ملزم اسپتال میں دم توڑ گیا


کراچی کے علاقے عزیز آباد میں پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم نعمان سول اسپتال میں دم توڑ گیا، لواحقین نے پولیس اور جیل انتظامیہ پر تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔

اسپتال میں ڈاکٹروں کی جانب سے ملزم نعمان کے جسم پر تشدد کے نشانات کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ جیل انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ جیل میں نعمان پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا، یہ نشانات پہلے سے موجود تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نعمان کو 17 نومبر کو شراب بیچنے اور پینے کے مقدمے میں گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ملزم نعمان کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں الزام عائد کیا کہ پولیس اور جیل انتظامیہ کے تشدد سے اُن کے بیٹے کی ہلاکت ہوئی ہے، پولیس نے گرفتاری کے بعد رشوت بھی طلب کی تھی رشوت نہ دینے پر بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب پولیس کا موقف ہے کہ نعمان شراب پینے اور بیچنے میں ملوث تھا ، ملزم کا کرمنل ریکارڈ موجود ہے اور ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا تھا۔

واقعے سے متعلق ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ پہلے نعمان کو عدالت میں پیش کیا تو ضمانت پر رہا ہوگیا تھا ، پولیس کی جانب سے تشدد کے شواہد موجود نہیں ہیں ۔

تازہ ترین