پاکستان میوزک انڈسٹری کے صف اول کے گلوکار سجاد علی نے اپنا نیا گانا ’پردیسیوں‘ کے نام کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سجاد علی نے ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں انہوں نے اپنے نئے گانے کے حوالے سے بتایا۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ جلد ایک گانا ریلیز کر رہے ہیں جس میں تمام پردیسیوں کے لیے پیغام ہے۔
’سنڈریلا‘ سے شہرت کی منازل طے کرنے والے سجاد علی نے ویڈیو میں کہا کہ ہمیشہ سے مداحوں کی جانب سے میری گائیکی کو پسند کیا گیا ہے اور اُمید کرتا ہوں کے اس گانے کو بھی پسند کی جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: یو یو ہنی سنگھ بھی سجاد علی کے نئے گانے کے دیوانے
سجاد علی نے ویڈیو میں راوی گانے کےبول بھی گنگنائے ہیں اور اس گانے کے بارے میں کہا کہ یہ گانا تمام پردیسیوں کے لیے ہے۔
سجاد علی کے اس اعلان کے بعد سے اُن کے مداحوں کو نئےگانے کا بےصبری سے انتظار ہے جس کا اظہار وہ گلوکار کے ٹوئٹ پر رد عمل دے کر کر رہے ہیں۔
گلوکار کے ایک مداح نے 1993 کے البم بیبیا جیسے البم کی فرمائش کردی۔
سجاد علی گائیکی کے ساتھ ساتھ کمپوزنگ میں بھی یکساں مہارت رکھتے ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت ان کے ہرگانے کی کامیابی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر معروف شخصیات مداحوں کے ساتھ رابطہ رکھنے کے لیے کافی متحرک نظر آتی اور اپنی ویڈیوز شیئر کرتی ہیں جن کا مقصد مداحوں کے ساتھ وقتاً فوقتاً رابطہ رکھنا اور انہیں اپنے کام یا زندگی سے متعلق آگاہی دینا ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اور خصو صاً مداح تصاویر اور ویڈیوز کو نہ صرف پسند کرتے ہیں بلکہ اپنی ہردل عزیز شخصیت کو نئے روپ میں دیکھ کر خوش بھی ہوتے ہیں۔